بھارتی اسپنرز کے سامنے جنوبی افریقی بیٹنگ سرنگوں 9 برس بعد سیریز میں شکست

ایشون میچ میں مجموعی طورپر 12 شکار کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ایشون میچ میں مجموعی طورپر 12 شکار کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
ناگپور ٹیسٹ میں بھارتی اسپنرز کے سامنے جنوبی افریقی بیٹنگ سرنگوں ہوگئی، بھارت نے میچ تیسرے ہی دن 124رنز سے جیت کر چارمیچز کی سیریزمیں2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ناگپور کی وکٹ پربھارتی اسپنرز کی بل کھاتی گیندوں نے جنوبی افریقی بیٹسمینوں کو چکراکر رکھ دیا، پہلی باری میں79رنزپرڈھیر ہوجانے والی مہمان ٹیم کیلیے 310 رنز کا ہدف آسان نہیں رہا، ٹیم نے تیسرے دن کا کھیل اپنی نامکمل دوسری اننگز 32-2 سے جاری کیا، وکٹ پر موجود ڈین ایلجر زیادہ دیر تک مزاحمت نہیں کرپائے اور18 رنز بنانے کے بعد ایشون کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 40 تک ہی پہنچا تھا، مجموعے میں18رنز کے اضافے سے ابراہم ڈی ویلیئرز بھی میدان بدر ہوگئے، وہ محض 9رنز بناسکے، انھیں بھی ایشون نے وکٹوں کے سامنے آتی ہوئی گیند کو پیڈ پر روکنے کی پاداش میں پویلین چلتا کیا۔


کپتان ہاشم آملا اور فاف ڈوپلیسی نے کچھ مزاحمت کی، ان کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے72 رنز کی شراکت میں اسکور کو 130 تک پہنچا، لیکن اس کے بعد دیگر کوئی مہمان بیٹسمین بھارتی اسپنرز کے سامنے ٹک نہیں پایا، ہاشم اور ڈوپلیسی نے یکساں طور پر 39،39رنز اسکور کیے ، پوری ٹیم 89.5 اورز میں 185رنز پر ہمت ہارگئی، بھارتی ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف 10 برس بعد ٹیسٹ سیریز میں فتح پائی، ایشون نے دوسری اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرکے میچ میں مجموعی طورپر 12 شکار کیے، انھیں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم ٹیم پہلی اننگز میں 215 اور دوسری اننگز میں 173 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی، بھارت نے موہالی میں منعقدہ پہلا ٹیسٹ 108 رنز سے جیتا تھا جبکہ بنگلور میں بارش سے متاثرہ ٹیسٹ ہارجیت کا فیصلہ ہوئے بغیر ختم ہوگیا تھا، سیریز کا چوتھا اور آخری میچ 3 دسمبر سے دہلی میں شروع ہوگا۔

 
Load Next Story