فلورملزگندم پر100تا 125 ڈالرفی ٹن ری بیٹ کی خواہشمند

فی الوقت بیرونی دنیا کی نسبت پاکستان میں گندم کی فی ٹن قیمت100 تا125 ڈالر زائد ہے،ذرائع

فی الوقت بیرونی دنیا کی نسبت پاکستان میں گندم کی فی ٹن قیمت100 تا125 ڈالر زائد ہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
فلورملز مالکان ملک میں اربوں روپے مالیت کی سرپلس 5 لاکھ ٹن گندم کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے گندم کی برآمدات پرفی ٹن 100 تا 125 ڈالر ری بیٹ کے حصول کی مہم شروع کردی ہے۔


ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ فی الوقت بیرونی دنیا کی نسبت پاکستان میں گندم کی فی ٹن قیمت100 تا125 ڈالر زائد ہے، عالمی مارکیٹ میں فی ٹن گندم کی اوسط قیمت 200 تا225 ڈالر ہے جبکہ پاکستان میں فی ٹن گندم کی قیمت 325 ڈالر ہے، مقامی فلورملز انڈسٹری 5 لاکھ ٹن سرپلس گندم کے ممکنہ ضیاع کو روکنے کے لیے بیرونی دنیا میں اپنی مدد آپ کے تحت مارکیٹنگ کرکے اسے برآمدکرنے میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ انڈسٹری کو خدشہ ہے کہ سرپلس گندم ضائع ہونے کی صورت میں نہ صرف انڈسٹری بلکہ حکومت اور گندم کے کاشت کاروںپر بھی اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ نئی فصل آنے کی صورت میں مذکورہ فاضل گندم رکھنے کے لیے مطلوبہ گودام دستیاب نہیں ہوں گے اور نہ ہی حکومت کے پاس آنے والی فصل کی خریداری کی طاقت ہوگی جبکہ گندم کے کاشت کاردیوالیہ ہوجائیں گے، فلورملز انڈسٹری کا موقف ہے کہ مذکورہ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری پالیسی سازوں کو سرپلس 5 لاکھ ٹن گندم کی مجوزہ ری بیٹ کے ساتھ برآمدات کی پالیسی کا جلد سے جلد اعلان کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں حکومت، انڈسٹری اور کاشتکار ممکنہ بحران کی زد میں آنے سے بچ سکیں۔
Load Next Story