ملک بھرمیں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا

ماتمی جلوسوں کی نگرانی اور پر امن صورتحال کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔

ماتمی جلوسوں کی نگرانی اور پر امن صورتحال کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، فوٹو: فائل

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا جب کہ اس موقع پر ماتمی جلوسوں کی نگرانی اور پر امن صورتحال کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں مرکزی ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے اور جلوسوں کی گزرگاہوں کے اطراف کنٹینرزلگا کر سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بند کیا گیا۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاکھارادر پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔


لاہور میں مرکزی قدیمی ماتمی تعزیے کا جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ موچی گیٹ سے بر آمد ہوا جو اپنی منزل کربلا گامے شاہ پر ختم ہوا۔ راولپنڈی میں بھی حضرت امام حسین ؓ کے چہلم موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس اور ایلیٹ فورس کے 5 ہزار سے زائد اہلکار سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔

ملتان میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں ضلع بھر سے چھوٹے بڑے 8 جلوس برآمد ہوئے جب کہ مرکزی جلوس دوپہر 2 بجے امام بارگاہ جوادیہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات 10 بجے آستانہ لال شاہ پر اختتام پذیر ہوا،جلوس اور مجالس کی سیکورٹی کیلئے ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ فیصل آباد میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر13 جلوس اور 16 مجالس کا انعقاد کیا گیا جس کی سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیئے گئے اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے 2 ہزار800 سے زائد اہلکار تعینات تھے، ضلع بھرمیں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔
Load Next Story