افراط زر کی شرح میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی کمی

گزشتہ ہفتے 15اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 9اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 29 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، اعدادوشمار

گزشتہ ہفتے 15اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 9اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 29 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، اعدادوشمار۔ فوٹو : فائل

پاکستان میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

واضح رہے کہ یہ مسلسل تیسراہفتہ ہے جب ایس پی آئی کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 3 دسمبر2015 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.19 فیصد کمی اور سالانہ بنیادوں پر 2.97 فیصد کا اضافہ ہوا۔


اس دوران 8ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کے لیے افراط زر کی شرح میں 0.33 فیصد، 12ہزار تک کمانے والوں کے لیے 0.28 فیصد، 18ہزار ماہانہ آمدن والوں کے لیے 0.25 فیصد، 35ہزار روپے والے انکم گروپ کے لیے 0.20 فیصد اور 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.12 فیصد کمی ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 15اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 9اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 29 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ ایل پی جی کی قیمت میں ہوا، ایل پی جی کی ملک میں قیمت ہفتہ وار بنیادوں پر 2.81 فیصد کے اضافے سے اوسطاً 1158.16 روپے فی گھریلو (11کلوگرام) سلنڈر رہی جبکہ سگریٹ کا پیکٹ2.70 فیصد، کیلے 2.39 فیصد فی درجن، زندہ مرغی2.01 فیصد فی کلوگرام، انڈے1.83 فیصد فی درجن، دال ماش1.32 فیصد فی کلوگرام، آنا 0.56 فیصد فی 10 کلوگرام، گندم0.56 فیصد فی 10 کلوگرام، دال مونگ 0.19 فیصد گی کلوگرام، دال مسور0.16 فیصد فی کلوگرام، نہانے کا صابن0.14 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی0.11 فیصد فی کلوگرام، جلانے کی لکڑی0.03 فیصد فی 40 کلوگرام، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.02 فیصد فی کلوگرام اور بکرے کا گوشت0.02 فیصد فی کلوگرام مہنگا ہو گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ کمی پیاز کی قیمت میں ہوئی اور پیاز ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر 11.40فیصد کی کمی سے اوسطاً 55.13 روپے فی کلوگرام دستیاب رہی، اس کے علاوہ ٹماٹر7.05 فیصد فی کلوگرام، گڑ2.20 فی کلوگرام، چینی 1.96 فیصد فی کلوگرام، باسمتی ٹوٹا چاول0.70 فی کلوگرام، دال چنا0.43 فیصد فی کلوگرام، مٹی کا تیل 0.28 فیصد فی لیٹر، آلو0.24 فیصد فی کلوگرام اور لہسن کی قیمت 0.09 فی کلو گرام کم ہوگئی۔
Load Next Story