ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کی ترقی کا سفر رک گیا

نوبی افریقہ کیخلاف بھارت کی سیریز فتح کا براہ راست منفی اثر گرین کیپس پر پڑا جو تیسرے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔

ٹاپ پر موجود پروٹیز کے قدم بھی ڈگمگانے لگے،انگلینڈ سے سیریز کی برابری درکار فوٹو: اے ایف پی/فائل

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کی ترقی کا سفر رک گیا، جنوبی افریقہ کیخلاف بھارت کی سیریز فتح کا براہ راست منفی اثر گرین کیپس پر پڑا جو تیسرے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔

آسٹریلیا کوکوہلی الیون کیلیے دوسری پوزیشن خالی کرنا پڑی، ٹاپ پر موجود پروٹیز کے قدم بھی ڈگمگانے لگے ہیں، یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک سرفہرست رہنے کیلیے انگلینڈ سے کم از کم سیریز برابر کرنا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف یو اے ای سیریز میں شاندار کامیابی سے ٹیسٹ رینکنگ پر جو اونچی اڑان بھری تھی وہ پائیدار ثابت نہیں ہوئی۔


ٹیم کی مسلسل تنزلی کا سفر جاری ہے، بھارتی سائیڈ جنوبی افریقہ کے خلاف3-0 سے فتحتیاب ہوکر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی، اس وجہ سے آسٹریلیا کو تیسرے اورگرین کیپس کو چوتھے نمبر پر جانا پڑا،بھارت کے پوائنٹس 100 سے 110جبکہ ٹاپ پر موجود پروٹیز کے پوائنٹس کٹوتی کے بعد114 رہ گئے ہیں، اب اگر اسے یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک اپنی ٹاپ پوزیشن کو برقرار رکھنا ہے تو پھر انگلینڈ سے ہوم سیریز کم سے کم ڈرا کرنا ہوگی۔

اگر شکست ہوئی تو پھر آسٹریلیا نمبرون سائیڈ بن جائے گی،اس کی آٹھویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز جمعرات سے شروع ہو گی، چھٹے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی اسی روز اپنے سے ایک درجہ نیچے سری لنکا سے ٹیسٹ سیریزکا آغاز ہونا ہے۔

پاکستان کی اس عرصے میں مزید کوئی ٹیسٹ سیریز شیڈول نہ ہونے کی وجہ سے رینکنگ میں مزید تنزلی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔انگلش ٹیم پانچویں نمبر پر براجمان رہی،نویں پر بنگلہ دیش اور آخری دسویں پوزیشن پر بدستور زمبابوے ہی موجود ہے۔
Load Next Story