افغان صدر اشرف غنی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے

افغان صدر اشرف غنی پاکستان پہنچے تو وزیراعظم نواز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نواز شریف افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ آج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ فوٹو: پی آئی ڈی

افغان صدر اشرف غنی پاکستان ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

افغان صدر اشرف چکلالہ کے نور خان ایئربیس پہنچے تو وزیر اعظم نواز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ افغان صدر اشرف غنی جہاز سے باہر آئے تو انھیں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی جب کہ افغان صدر اشرف غنی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، طارق فاطمی، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور مسلح افواج کے سربراہان بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ تھے۔


افغان صدر اشرف غنی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ آج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ افغان صدر اشرف غنی طالبان کے ساتھ امن مذاکراتی عمل کو دوبارہ سے شروع کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقات بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے پانچویں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے 14 ممالک کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جس میں بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی شامل ہیں۔
Load Next Story