فیس بُک کے بانی مارک زکربرگ کا مسلمانوں کی حمایت کا اعلان

یورپ اورامریکا میں حملوں کے بعد دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کے ساتھ ہیں، زکربرگ

کسی کی آزادی پرحملے سے سب ہی متاثر ہوتے ہیں،زکربرگ:فوٹو:فائل

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے یورپ اور امریکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد مسلمانوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

مارک زکربرگ کا فیس بک پراپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ان کے والدین نے انہیں یہ سکھایا ہے کہ کسی پر بھی حملے کے خلاف ضرور کھڑے ہونا چاہیئے کیونکہ کسی کی آزادی پر حملے سے سب ہی متاثر ہوتے ہیں۔ یورپ اور امریکا میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد وہ فیس بک پر موجود مسلمانوں سمیت دنیا بھرمیں رہنے والے مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور وہ اس خوف کو بھی تصور کرسکتے ہیں جو اس وقت مسلمان محسوس کررہے ہیں۔


مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ اگر آپ مسلمان ہیں تو فیس بک کے سربراہ کی حیثیت سے میں آپ کویقین دلاتا ہوں کہ وہ ہمیشہ یہاں مسلمانوں کو خوش آمدید کہیں گے اورمسلمانوں کے حقوق کی تحفظ کے لیے لڑیں گے اور اس کے ساتھ ہی ماحول کو بھی پرامن بنائیں گے۔

فیس بک کے چیف ایگزیکیٹو زکر برگ کا بیٹی کی پیدائش کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہیں بیٹی کی پیدائش کے بعد بہت امید ملی ہے لیکن کسی کی نفرت کے باعث آپ آسانی سے مایوسی کا شکارہوسکتے ہیں۔ جب تک ہم ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں تب تک ہم تمام لوگوں کے لئے ایک بہتر دنیا کی تعمیر کر سکتے ہیں۔
Load Next Story