ضرورت پڑنے پر ڈاکٹرعاصم کا مزید ریمانڈ لیا جاسکتا ہے ڈی جی نیب سندھ

اسحاق ڈار کے خلاف بھی کرپشن کی شکایات ہیں جس کی تحقیقات کررہے ہیں ثبوت ملے تو کارروائی کریں گے، سراج النعیم

ڈاکٹر عاصم کے خلاف ریفرنس دائر کرنے میں 8 ماہ لگ سکتے ہیں، ڈی جی نیب سراج النعیم، فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سراج النعیم کا کہنا ہےکہ ڈاکٹرعاصم کے خلاف تحقیقات میں وقت لگ سکتا ہے جب کہ ضرورت پڑنے پر ان کا مزید ریمانڈ بھی لیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جی نیب سندھ سراج النعیم نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم وائٹ کالر کرپشن میں ملوث ہیں ان کے خلاف کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جن میں چائنا کٹنگ، منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف تحقیقات میں وقت لگ سکتا ہے اور ریفرنس دائر کرنے میں 8 ماہ لگ سکتے ہیں جب کہ ضرورت پڑنے پر ملزم کا مزید ریمانڈ بھی لیا جاسکتا ہے۔


ڈی جی نیب نے کہا کہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، یہ تاثر غلط ہے کہ نیب صرف سندھ میں کارروائیاں کررہی ہیں، نیب ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جو پنجاب میں بھی وزرا اور اراکین اسمبلی کے خلاف مقدمات کی سماعت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کی شکایات ہیں جس کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ اگر ان کے خلاف ثبوت ملے تو کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پولیس نے ڈاکٹر عاصم کو تفتیشی رپورٹ میں بے گناہ قرار دیدیا ہے جب کہ انہیں آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

Load Next Story