عمران فاروق قتل کیس 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

محسن علی، معظم علی اور خالد شمیم کو 28 دسمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے، انسداد دہشت گردی عدالت کا حکم

محسن علی، معظم علی اور خالد شمیم کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔


اسلام آباد میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی کے رو برو ایف آئی اے حکام نے عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان خالد محمود، سید محسن اور معظم علی خان کو پیش کئے بغیر ان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی، عدالت نے ملزمان کو پیش نہ کرنے سے متعلق استفسار کیا تو فاضل جج کو بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں عدالت میں نہیں لایا گیا۔ جس پرعدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو پیش کئے بغیر درخواست کی سماعت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں ایف آئی اے نے تینوں ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور موقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے اور مقدمے میں نامزد دیگر افراد کو بھی گرفتار کیاجانا ہے۔ اس لئے تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کا اضافہ کیا جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو 28 دسمبر تک ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔
Load Next Story