بھارت نے’’ثالث‘‘کو بھی ٹکا سا جواب دے کر ٹرخا دیا

 پاکستان سے سیریز کیلیے حکومتی اجازت کے منتظر ہیں، جائلز کلارک سے گفتگو

سیریزکے بارے میں مزید بات نہیں کروں گا،جوکہنا ہے بھارتی بورڈ کہے،شہریار ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بی سی سی آئی آفیشلز نے صدر انگلش بورڈ جائلز کلارک پر بھی یہ بات واضح کردی کہ پاکستان سے سیریز کیلیے وہ حکومتی جواب کے منتظر ہیں، اس طرح روایتی حریفوں میں ثالثی کے لیے کردار ادا کرنے والے جائلز کی کوششیں بھی بار آور ثابت نہیں ہو سکیں۔

چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے بی بی سی کو بتایا کہ جائلز کلارک نے پیر کے روز ہمیں پاک بھارت سیریز سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے روکتے ہوئے بی سی سی آئی سے خود رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، مگر انھیں بھی وہی جواب ملا کہ حکومت کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے۔


پاکستانی بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ جائلز نے مجھے بھارت کے تازہ ترین جواب سے مطلع کردیا، میں اب اس سیریز کے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کروں گا، جو بھی کہنا ہے وہ بھارتی بورڈ کہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مجوزہ سیریز کے لیے کئی بار بی سی سی آئی سے رابطہ کر چکا لیکن وہ حتمی جواب دینے سے گریز کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر پی سی بی کی جانب سے سیریز کا حتمی جواب معلوم کرنے سے متعلق کسی بھی خط سے لاعلمی ظاہر کر چکے ہیں،شہریار خان نے گذشتہ دنوں میڈیا کے استفسار پر اس بیان کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا، البتہ یہ ضرور کہا کہ خط بھیجا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مذاکرات کے بعد پاکستان اور بھارت کی مجوزہ سیریز سری لنکا میں کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کیلیے ہوٹلز اور گراؤنڈز بھی بک کرا لیے گئے مگر بھارتی ہٹ دھرمی ایک بار پھر رکاوٹ بن گئی، اس سے قبل بی سی سی آئی نے یو اے ای پر اعتراض کرتے ہوئے ٹیم نہ بھیجنے کا کہا تھا۔
Load Next Story