سانحہ آرمی پبلک اسکول کوایک سال بیت گیا مرکزی تقریب میں سول وعسکری قیادت کی شرکت

سانحے کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول پشاورمیں ہوئی۔

گزشتہ برس 16 دسمبر کو ہی آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گردوں نے حملہ کر کے 132 معصوم بچوں سمیت 144 افراد کو شہید کر دیا تھا۔ فوٹو:فائل

آرمی پبلک اسکول پر حملے کو ایک برس بیت گیا تاہم دہشت گردوں کی معصوم طالبعلموں کے ساتھ کھیلی گئی خون کی ہولی کے زخم آج بھی ہرے ہیں۔

پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کی یاد میں ملک بھر میں دعائیہ تقاریب اور پروگرامز منعقد کئے گئے، اس سلسلے میں مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول پشاور میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور وفاقی و صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید اور گونر و وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی تقریب میں شریک تھے۔

سانحہ 16 دسمبر میں شہید ہونے والے آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی پہلی برسی پر ملک کے چاروں صوبوں کے تعلیمی ادارے بند رہے جب کہ پنجاب یونیورسٹی میں ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔




دوسری جانب شہدائے اے پی ایس کی پہلی برسی کے موقع پر پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل اور اسلام آباد بار کونسل کی اپیل پر وکلا برادری نے بھی ملک بھر میں یوم سیاہ منایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 16 دسمبر کو ہی آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گردوں نے حملہ کر کے بے دردی سے 132 معصوم بچوں سمیت 144 افراد کو شہید کر دیا تھا۔

Load Next Story