کسٹمز نے اسمگل شدہ سامان سے بھری 39 بسیں پکڑ لیں

کسٹم حکام کی بروقت کارروائی کی وجہ سے مذکورہ اشیا کوئٹہ میں ہی ضبط کرلی گئی ہیں

مذکورہ اشیا کراچی اور پھر ملک کے دیگر حصوں میں جانی تھیں لیکن کسٹم حکام کی بروقت کارروائی کی وجہ سے مذکورہ اشیا کوئٹہ میں ہی ضبط کرلی گئی ہیں،کسٹم حکام فوٹو: فائل

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ ساؤتھ نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایران کے مقام مقدسہ کا دورہ کرکے واپس آنے والے زائرین کی 39 بسوں پرچھاپہ مارکر15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ مصنوعات ضبط کر لیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف کلکٹر انفورسمنٹ ساؤتھ زاہد کھوکھر کی ہدایات پرنئے میکنزم کے ساتھ انسداداسمگلنگ مہم جاری ہے جس میں اسمگلنگ کے متعدد غیرروایتی طریقہ کارکی نشاندہی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 5 ماہ سے سندھ بلوچستان میں محکمہ کسٹمز انفورسمنٹ کی اسمگلنگ کی انسداد کیلیے پے درپے کامیاب کاروائیوں کے بعد روایتی طریقہ کار اور روٹس کے ذریعے ایران اور افغانستان سے اشیا کی اسمگلنگ مشکل ہوگئی ہے جس کے بعد اسمگلروں کے منظم گروہوں نے اسمگلنگ کے متبادل طریقہ کار اور راستے اختیار کرنا شروع کردیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف کلکٹر انفورسمنٹ ساؤتھ زاہدکھوکھر کو اپنے محکمے کے خفیہ نیٹ ورک سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایران کے مقامات مقدسہ کے زائرین کی بسوں کی آمدورفت چونکہ پولیس اور فرنٹیئرکانسٹبلری کے اسکواڈ کے ہمراہ ہوتی ہے اس لیے اسمگلروں کے منظم گروہوں نے مقامات مقدسہ کے زائرین کی ان بسوں کی آڑ میں اشیا اسمگل کرنے کا نیا راستہ اختیار کر لیا ہے، ان اطلاعات کی روشنی میںچیف کلکٹرانفورسمنٹ ساؤتھ کی ہدایات پرماڈل کسٹمزکلکٹریٹ کوئٹہ نے منظم حکمت عملی کے تحت پیرکوایران سے آنے والی زائرین کی بسوں کو روک کرتلاشی لی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ بسوں میں بال بیرنگز، پلاسٹک دانہ، پلاسٹک بیگز، سیب سمیت دیگر اشیا کی ایک بڑی تعداد ملک میں اسمگل کی جارہی ہے۔


کسٹم حکام نے بتایا کہ مذکورہ اشیا کراچی اور پھر ملک کے دیگر حصوں میں جانی تھیں لیکن کسٹم حکام کی بروقت کارروائی کی وجہ سے مذکورہ اشیا کوئٹہ میں ہی ضبط کرلی گئی ہیں، ضبط شدہ اشیا کی مالیت کا ابتدائی تخمینہ 15 کروڑ روپے لگایا گیا ہے لیکن مذکورہ 39 بسوں کے خفیہ خانوں کی جانچ پڑتال اور سامان اتارنے کا عمل پیر کو رات گئے تک جاری رہا جس کی وجہ سے اسمگل شدہ اشیا کی حتمی مالیت سے آگہی نہ ہو سکی جبکہ چیف کلکٹرانفورسمنٹ ساؤتھ کا کہنا تھا کہ منگل کو معائنہ کاری مکمل ہونے کے بعد امکان ہے کہ مزید اشیا نکلنے کی صورت میں ان اشیا کی مالیت بڑھ سکتی ہے۔

علاوہ ازیں گڈانی اور تربت ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم حکام نے منشیات اور غیرملکی موبائل فونز کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کلکٹر کسٹمزگڈانی سعیداکرم نے خفیہ اطلاع پرکوئٹہ سے آرسی ڈی ہائی وے کے ذریعے کراچی اسمگل ہونے والی47 لاکھ روپے مالیت کی78 کلوگرام منشیات پکڑ لی ہے جو ٹرک نمبرTKA-184 کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی جسے کسٹمز کی چھاپہ مار ٹیم نے تلاش کرکے ضبط کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیوراور کلینر کو گرفتار کرلیا، اسی طرح محکمہ کسٹمز تربت ایئرپورٹ کے حکام نے قیمتی موبائل فونز پرمشتمل کھیپ کی اسمگلنگ ناکام بنا دی اور 18 لاکھ روپے مالیت کے84 غیرملکی موبائل فونز ضبط کرلیے۔
Load Next Story