رات کے وقت دوہا گیا دودھ زیادہ خواب آورہوتا ہے

رات کے وقت دوہا گیا دودھ دماغ پر خواب آور دوا جیسے اثرات مرتب کرتا ہے،تحقیق

رات کے وقت دوہا گیا دودھ دماغ پر خواب آور دوا جیسے اثرات مرتب کرتا ہے،تحقیق:فوٹو: فائل

بے خوابی کا شکار افراد کو رات کے وقت دودھ پینا تجویز کیا جاتا ہے۔ دودھ پی کر سونے سے عام طور پر اچھی نیند آتی ہے۔ اسی بات نے سائنس دانوں کو دودھ کے خواب آور اثرات کی جانچ کرنے پر اکسایا۔

تحقیق کے نتائج سے ماہرین پر یہ حیران کُن انکشاف ہوا کہ رات کے وقت دوہا گیا دودھ دن میں حاصل کیے گئے دودھ کے مقابلے میں زیادہ خواب آور ہوتا ہے ! چناں چہ اگر آپ کو نیند نہیں آرہی تو بستر سے اٹھیں گائے بھینس یا بکری کا دودھ دوہیں اور اُبال کر نیم گرم پی کر لیٹ جائیں۔ کچھ ہی دیر میں آپ نیند کی میٹھی وادیوں کی سیر کررہے ہوں گے! کم از کم سائنس دانوں کی حالیہ تحقیق یہی کہتی ہے۔

جنوبی کوریا میں قائم یومی ینگ انسٹیٹیوٹ فار نیوروسائنس کے محققین نے کئی ماہ کی تحقیق کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت دوہے گئے دودھ میں ٹرپٹو فین اور میلاٹونن نامی مرکبات کی مقدار بڑھی ہوئی ہوتی ہے۔ مویشیوں سے دن میں حاصل کیے گئے دودھ میں یہ مرکبات کم مقدار میں ہوتے ہیں۔ میلاٹونن دودھ میں قدرتی طور پر پایا جانے والا ہارمون ہے جو سونے اور جاگنے کے فعل کو باقاعدہ رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ٹرپٹوفین کو سیروٹونن اور میلاٹونن میں بدلا جاسکتا ہے۔


تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے چند عمررسیدہ مریضوں پر گائے بھینسوں کے رات اور دن میں دوہے گئے دودھ کے الگ الگ تجربات کیے۔ چند روز تک انھیں شب بسری کے وقت دن میں دوہا گیا دودھ پلا کر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران دیکھا گیا کہ دودھ سے ان کے خون میں کن اجزا کی مقدار میں کمی بیشی واقع ہوتی ہے اور اس تغیر کے دماغ پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہی تجربہ بعدازاں رات کے وقت دوہے گئے دودھ کے ساتھ دہرایا گیا۔ ماہرین نے دیکھا کہ رات کے وقت دوہا گیا دودھ پینے کے بعد معمرافراد زیادہ بہتر نیند سوئے۔

قبل ازیں یہی تجربہ ماہرین چوہوں پر دہراچکے تھے۔ چوہوں کی الگ الگ تعداد کو دودھ، پانی اور ایک خواب آور دوا دی گئی۔ پھر انھیں بیس منٹ تک ایک گھومتے ہوئے سلنڈر پر چھوڑ دیا گیا۔ سائنس دانوں نے دیکھا کہ جن چوہوں کو رات کے وقت دوہا گیا دودھ اور خواب آور دوا دی گئی تھی وہ سلنڈر پر اپنا توازن برقرار نہیں رکھ پارہے تھے۔ ان کے مقابلے میں مویشیوں سے دن کے وقت حاصل کیا گیا دودھ اور پانی پینے والے چوہے زیادہ چاق چوبند اور چُست تھے۔

تحقیق کے نتائج بیان کرتے ہوئے سائنس دانوں کا کہنا تھا رات کے وقت دوہا گیا دودھ دماغ پر خواب آور دوا جیسے اثرات مرتب کرتا ہے۔ چناں چہ بے خوابی میں مبتلا افراد کے لیے یہ خواب آور ادویہ کا بہترین نعم البدل ثابت ہوسکتا ہے۔
Load Next Story