پنجاب میں بھی شہدا انصاف کے لئے رینجرز کا انتظارکررہے ہیں طاہرالقادری

کرپشن کا گٹھ جوڑ سندھ میں فوج کا آپریشن ناکام بنانا چاہتا ہے،سربراہ عوامی تحریک

کرپشن کا گٹھ جوڑ سندھ میں فوج کا آپریشن ناکام بنانا چاہتا ہے،سربراہ عوامی تحریک۔ فوٹو: فائل

پاکستان عومی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب کہ پنجاب میں بھی شہدا انصاف کے لئے رینجرز کا انتظار کر رہے ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ترکی سے وطن واپس پہنچ گئے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے لاہور ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کرپشن کا گٹھ جوڑ سندھ میں فوج کا آپریشن ناکام بنانا چاہتا ہے اور کرپشن کے کھیل میں وفاق اور سندھ کی آپس میں ہم آہنگی ہے جبکہ دہشت گردی کے پیچھے کرپشن کا پیسہ استعمال ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سندھ میں کارروائیاں کر رہی ہے اسی طرح پنجاب میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا انصاف کے لئے رینجرز کا انتظار کر رہے ہیں، ملک میں مظلوم کو عدل و انصاف نہیں مل رہا تاہم ظالموں کے خلاف جہاد جاری رکھیں گے۔

Load Next Story