عسکری قیادت کا دہشت گردی کے خاتمے تک تمام آپریشن جاری رکھنے کاعزم

دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ میں فوج نے عوام کا اعتماد جیتا ہے،مسلح افواج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں، جنرل راشد محمود

دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ میں فوج نے عوام کا اعتماد جیتا ہے،مسلح افواج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں، جنرل راشد محمود۔ فوٹو:فائل

عسکری قیادت نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک تمام آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جوائنٹ اسٹافس ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی زیر صدارت عسکری قیادت کا اجلاس ہوا جس میں آپریشن ضرب عضب سمیت ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ اورپاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان بھی شریک تھے۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے ثمرات اور پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اورمسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا جب کہ اس موقع پرجوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں اوردہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ میں فوج نے عوام کا اعتماد جیتا ہے۔


ترجمان پاک فوج کے مطابق عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب سمیت تمام آپریشن جاری رکھنے کا عزم اورانتہا پسندی کے خاتمے کے لئے حکومت کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہاربھی کیا جب کہ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لئے تمام درپیش خطرات کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور ہر حال میں دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ اجلاس میں قومی سلامتی علاقائی صورتحال کے امورکا جائزہ اورخطے کے بدلتے حالات سے پیدا شدہ صورتحال پرغورکیا گیا ۔ اس موقع پرعسکری قیادت نے اندرونی وبیرونی خطرات سے نمٹنے کی تیاری پراطمینان کا اظہارکیا۔

Load Next Story