پنجاب حکومت میں کچھ لوگوں کے دہشت گردوں کے ساتھ رابطے ہیں گورنر خیبر پختونخوا
گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثرنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت میں کچھ ایسے لوگ ہیں جن کے دہشت گردوں کے ساتھ رابطے ہیں۔
گورنر ہاؤس پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا کہ بدقسمتی سے پنجاب میں کچھ ایسے مدارس ہیں جہاں دہشت گردوں کے لئے ہمدردیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان معاشی طور پر ترقی نہیں کرسکا اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنی بقا اور عالمی امن کے لئے لڑ رہے ہيں اور ہمیشہ لڑتے رہیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو عوام کی حمایت حاصل ہے اس لئے اس کے ہر اچھے کام کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد کئی لوگوں کے اصل چہرے سامنے آگئے۔