عمران خان کا خیبرپختونخوا میں وزیراعظم سمیت کسی وی آئی پی کیلئے ٹریفک نہ روکنے کا اعلان

(ن) لیگ، پیپلزپارٹی اورایم کیوایم اپنے مفادات کے لیے ایک ہیں، چیئرمین تحریک انصاف

وی آئی پی پروٹول کے خاتمے کا آغازخیبرپختونخوا سے کریں گے تاکہ کراچی جیسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے،چیئرمین پی ٹی آئی. فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعظم سمیت کسی بھی وی آئی پی کے لئے ٹریفک نہیں روکی جائے گی۔

لودھراں میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ کراچی میں وی آئی پی پروٹول کے بعد 10 ماہ کی بسمہ کی موت کا دکھ ہے، قوم ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتی ہے اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں آج سے کسی وی آئی پی کے لئے ٹریفک نہیں روکی جائے گی اوراگر وزیراعظم بھی صوبے میں آئیں گے تو ان کے لئے بھی ٹریفک نہیں روکی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وی آئی پی پروٹول کے خاتمے کا آغاز خیبرپختونخوا سے کریں گے اور اس حوالے سے وزیراعلی پرویز خٹک سے بات ہوئی ہے تاکہ کراچی میں پیش آنے والا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے، 10 ماہ کی بسمہ نے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو متحد کردیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لودھراں کے عوام کو پیکج دے کر خریدنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے رشوت کو ٹھکرا کر ضمیر کے مطابق فیصلہ دیا، لودھراں والوں نے ثابت کیا کہ ضمیر کی کوئی قیمت نہیں ہوتی،تحریک انصاف پراعتماد کرنے پرلوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم اکٹھے ہیں، یہ جماعتیں اکٹھی اس لیے ہیں کہ ان کے مفادات ایک ہیں اور یہ ملک میں الیکشن کا نظام تبدیل کرنا نہیں چاہتی، کراچی میں کون سی جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جاری آپریشن کو روکنا چاہتی ہیں، اگر پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم اپنے عسکری ونگز کو بچانا چاہتے ہیں تو قوم اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی۔


عمران خان نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نبی کی زندگی ہمارے لئےمشعل راہ ہے، ہم جدوجہد کرتے رہیں گے اورہارنہیں مانیں گے، آپ کا مقابلہ ایک چھوٹے سے ٹولے سےہے جوعوام کا خون پی رہا ہے، ہماری جدوجہد میں اونچ نیچ آسکتی ہے لیکن گھبرانا نہیں ہے، کپتان کو مقابلہ کرنا اورگرکرپھرکھڑا ہونا آتا ہے۔

دوسری جانب عمران خان کے اعلان بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں وی آئی پیز کے لیے سڑکیں نہ بند کرنے اعلان کردیا ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ صوبے میں آئندہ کسی وی آئی پی کے لیے روٹ نہیں لگایا جائے گا، وی آئی پیز کو سیکیورٹی دیں گے تاہم سڑکیں بند نہیں ہوں گی اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے نوٹیفکیشن کا حکم بھی دے دیا ہے۔

Load Next Story