ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر یاسر شاہ پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد

یاسرشاہ کے پیشاب کے نمونوں میں ممنوعہ کیمیائی مادہ کلورٹالیڈون پایا گیا، آئی سی سی

یاسر شاہ کا 13 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میں ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا فوٹو: فائل

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 2015 میں قومی ٹیم کے کامیاب ترین بالر یاسر شاہ کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کرتے ہوئے ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یاسرشاہ کا ڈوپ ٹیسٹ 13 نومبر کو پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کے دوران لیا گیا تھا۔ ان کے ڈوپ ٹیسٹ میں کلورٹالیڈون نامی عنصر سامنے آیا جو ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے قوانین کے مطابق ایک ممنوع دوا ہے۔ جس کے بعد آئی سی سی کے انٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت یاسر شاہ کو عبوری طور پر معطل کردیا گیا ہے، اب یہ معاملہ آئی سی سی کے انٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت دیکھا جائے گا، جس کے بعد ہی ان کی سزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یاسر شاہ کو واڈا کے سیکشن 5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے تاہم یاسر شاہ معطلی کے فیصلے کو چیلنج کرسکتے ہیں۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور اس دوران انہوں نے کچھ ایسی ادویات استعمال کی ہوں گی جس میں ممنوعہ اجزا شامل ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یاسر شاہ 2015 میں قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بالر رہے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین ففٹی مکمل کرنے کا عزاز اپنے نام کیا ہے۔

 
Load Next Story