اسلام کی صحیح تصویر پیش کرنے کے لیے مسلمانوں کو ہی کام کرنا ہوگا حسن روحانی

شدت پسند گروہوں کی پرتشدد کارروائیوں نے دنیا کے سامنے اسلام کا تاثر مسخ کردیا ہے،ایرانی صدر

مسلمان ملکوں نے جو رقم بم اور میزائل خریدنے پر خرچ کی وہ غریب مسلمانوں میں تقسیم کی جاتی تو کوئی بھوکے پیٹ نہ سوتا، ایرانی صدر فوٹو: فائل

BAHAWALPUR:
ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ داعش جیسے گروہوں کی پرتشدد کارروائیوں نے دنیا میں اسلام کا تاثر مسخ کیا ہے جسے درست کرنے کے لیے مسلمانوں کو ہی آگے آنا ہوگا۔


تہران میں اسلامی یکجہتی کے عنوان سے ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران حسن روحانی نے کہا کہ اسلام کو اس کے دشمنوں سے زیادہ مسلمانوں کی صفوں میں موجود چند ایسے گروہوں نے نقصان پہنچایا ہے جو شدت پسندی پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ گروہ اپنی کارروائیوں کو درست ثابت کرنے کے لیے اسلامی اصطلاحات کی آڑ لیتے ہیں جس کے نتیجے میں دنیا کی نظروں میں اسلام کی ایک ایسی تصویر ابھرتی ہے جو قتل و غارت، تشدد، بے رحم سزاؤں، بھتہ خوری اور ناانصافی کو فروغ دیتا ہے۔

ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ مسلمان ملکوں نے جو رقم امریکا سے بم اور میزائل خریدنے پر خرچ کی، اگر اسے غریب مسلمانوں میں تقسیم کر دی جاتی تو کوئی بھوکے پیٹ نہ سوتا۔ جب وہ مسلمان بچوں کو پناہ کی خاطر مشکل اور خطرناک سفر کر کے غیر مسلم ممالک میں جاتے ہو دیکھتے ہیں تو انہیں شرم محسوس ہوتی ہے۔ داعش جیسے گروہوں کے پرتشدد اور انتہا پسندانہ نظریات اور افعال اسلام کے اصولوں کے صریح خلاف ہیں جن کے خلاف خود مسلم ملکوں کو آگے آنا چاہیے اور انہیں شام، عراق اور یمن میں ہونے والی قتل و غارت روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
Load Next Story