’’مجھے اسٹار وارز دیکھنی ہے‘‘ اوباما نے فلم کے لئے پریس کانفرنس ادھوری چھوڑدی

امریکی صدر سائنس فکشن فلم کے دیوانے نکلے، پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے

امریکی صدر سائنس فکشن فلم کے دیوانے نکلے، پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔ فوٹو: فائل

اسٹار وار سیریز کا شمار ہالی وڈ کے کامیاب ترین فلمی سلسلوں میں ہوتا ہے۔ اب تک اس سلسلے کی سات فلمیں سامنے آچکی ہیں۔ ہر فلم بے پناہ مقبول ہوئی اور باکس آفس پر آمدنی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

اس سلسلے کی تازہ ترین فلم Star Wars: The Force Awakens اٹھارہ دسمبر کو سنیماؤں کی زینت بنی۔ اس سے قبل فلم کی نمائش لاس اینجلس کے فلمی میلے میں کی گئی تھی۔ یہ فلم اب تک ایک ارب ڈالر سے زائد کما چکی ہے جب کہ اس کی تیاری پر 20 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ اسٹار وارز کے دلدادگان میں خاص و عام سبھی شامل ہیں، تاہم امریکی صدر بھی اسٹار وار کے چاہنے والوں میں شامل ہیں اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب باراک اوباما پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر حاضرین سے یہ کہتے ہوئے چلے گئے کہ انھیں اسٹار وارز دیکھنی ہے!


اوباما کے اس جملے نے حاضرین سمیت پوری قوم کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا کہ ان کا صدر سائنس فکشن فلم سیریز میں کس قدر دل چسپی رکھتا ہے۔ اوباما کی اس دیوانگی پر یقینی طور پرThe Force Awakens کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور اداکار بھی خوش ہوئے ہوںگے۔ اٹھارہ دسمبر کو امریکی صدر سال کی آخری پریس کانفرنس کررہے تھے۔ پریس کانفرنس کے لیے صحافیوں کو حسب معمول وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا گیا تھا۔ ان میں ملکی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی شامل تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران باراک اوباما نے دہشت گردی، ماحولیاتی تبدیلیوں، خلا کی کھوج سے متعلق منصوبوں، افغانستان کی صورت حال سمیت مختلف موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیے۔ پریس کانفرنس کو شروع ہوئے نصف گھنٹہ ہوا تھا کہ اچانک باراک اوباما اٹھ کھڑے ہوئے اور حاضرین کی جانب الوداعی انداز میں ہاتھ ہلاتے ہوئے بولے ''اب میں اجازت چاہوںگا، مجھے اسٹار وارز بھی دیکھنی ہے۔ '' اوباما کے اس جملے پر حاضرین حیران رہ گئے اور ان پر انکشاف ہوا کہ امریکی صدر سائنس فکشن فلم کے کس قدر دیوانے ہیں۔ امریکی صدر کی پریس کانفرنسوں کا دورانیہ اوسطاً 50 منٹ تک ہوتا ہے مگر اس موقع پر انھوں نے 20 منٹ پہلے پریس کانفرنس ختم کردی۔

امریکی صدر اور اعلیٰ حکام کے لیے وائٹ ہاؤس میں اسٹار وارز سیریز کی نئی فلم کے خصوصی شو کا بندوبست کیا گیا تھا۔
Load Next Story