زیریںسندھ عیدالاضحی مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی

حیدرآباد میں 4سو مقامات پر نماز عید کے اجتماعات، ملک کی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں.

حیدرآباد:مرکزی عید گاہ رانی باغ میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی جا رہی ہے۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

ملک بھر کی طرح حیدرآباد سمیت زیریں سندھ میں بھی عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔


حیدرآباد میں عید گاہ رانی باغ، کینٹ عید گاہ، فوارہ چوک لبرٹی مارکیٹ، افضال گرائونڈ لطیف آباد، باغ مصطفیٰ گرائونڈ لطیف آباد، پکا قلعہ گرائونڈ عید گاہ، پریٹ آباد عید گاہ، جامعہ اسحاقی ہوم اسٹیڈ ہال، اکبری جامع مسجد، قدم گاہ مولا علی، علی پیلس سمیت 4 سو سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں نماز سے قبل علمائے کرام اور خطیبوں نے قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔نماز عیدکے بعد ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، عید کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے عید گاہوں اور بڑی مساجد و امام بارگاہوں کے باہر پولیس اور رینجرز کی نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔

نماز عید کے بعد شہریوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی اور یہ سلسلہ3 دن تک جاری رہا ۔شہر میں انفرادی قربانی کے علاوہ درجنوں مقامات پراجتماعی قربانی بھی کی گئی، اہالیان حیدرآباد نے اونٹوں، گائے، بیل، بکروں اور دنبوں کی قربانیکی۔ حالی روڈ، ہیرآباد اور دیگر مقامات پر اونٹ کی قربانی دیکھنے کے لیے لوگوں خصوصاً بچوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی رہی اور اونٹ نحر ہوتے ہوئے دیکھا۔ دوسری جانب میرپورخاص، بدین، نوابشاہ، سانگھڑ، مٹھی، مٹیاری، بھٹ شاہ، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، جامشورو، کوٹری، ٹنڈو جام، عمر کوٹ، کنری، ڈگری، شاہ پور چاکر، ٹنڈو آدم، ماتلی سمیت سندھ بھر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جس کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی۔
Load Next Story