سندھ کو پی پی کیلیے نو گو ایریا بنا دیں گے قادر مگسی

پیپلز پارٹی کا اقتدار غروب ہونے کو ہے، نئے بلدیاتی نظام پر اپنی شرائط پر مذاکرات کو تیار ہیں

قوم پرست سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دینگے،احتجاجی کیمپ میں صحافیوں سے گفتگو فوٹو: فائل

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ عید کے فوراً بعد دُہرے بلدیاتی نظام کے خلاف مزاحمتی لائحہ عمل طے کرنے کے لیے سندھ بچائو کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔


جس میں مسلم لیگ نون، مسلم لیگ فنکشنل، جمعیت علماء اسلام، اے این پی اور جماعت اسلامی سمیت حکومت مخالف پارلیمانی و غیر پارلیمانی جماعتیں بھی شرکت کریں گی، پی پی پی کا اقتدار غروب ہونے کو ہے جس کے بعد سندھ دھرتی کوپیپلز پارٹی کے لیے نوگو ایریا میں تبدیل کر دیں گے، دہرا بلدیاتی نظام لپیٹ کر نئے بلدیاتی نظام کے لیے حکومت قوم پرستوں سے ان کی شرائط پر بات کرے تو ہم تیار ہیں۔ بلدیاتی نظام کے خلاف عید کے پہلے روز نسیم نگر چوک پر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ حکمرانوں کو سوچنا ہو گا یہ اب ماضی کا سندھ نہیں رہا ۔

اس لیے حکمران غرور چھوڑ دیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اس تحریک میں4 قومی کارکنوں کی لاشیں اپنے کاندھوں پر اٹھائی ہیں اس لیے اگر حکمران ہم سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کالا قانون ختم کریں، ہم بھی نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی والا بلدیاتی نظام چاہتے ہیں لیکن ایسا دہرا نظام نہیں چلنے دیں گے جس میں سندھ حکومت کے سارے پاور، میئر کے پاس ہوں اور سندھ حکومت برائے نام ہو۔قادر مگسی نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی کا سندھ میں قائم 40 سالہ سحر ٹوٹ گیا ہے ،فوری طور پر عام انتخابات کرائے جائیں لیکن اگر اس سے پہلے حکومت نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش کی تو وہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔
Load Next Story