کینگروز نے ویسٹ انڈین تابوت میں فیصلہ کن کیل ٹھونک دی

کینگروز کو دوسرے ٹیسٹ میں177رنز سے فتح، سیریز میں 2-0 کی حتمی برتری

460 رنزکے تعاقب میں کیریبیئن سائیڈ 282 پر آؤٹ،ہولڈر اور رامدین کی ففٹیز۔ فوٹو: فائل

کینگروز نے ویسٹ انڈین تابوت میں فیصلہ کن کیل ٹھونک دی، دوسرے ٹیسٹ میں 177 رنز کی فتح کے ساتھ تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی حتمی برتری حاصل کرلی، فرینک ووریل ٹرافی پر آسٹریلوی قبضے کو 20 برس ہوگئے۔


تفصیلات کے مطابق میلبورن ٹیسٹ کی آخری اننگز میں بھی ویسٹ انڈین ٹاپ آرڈر اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہا، 118 پر 4 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ کریگ بریتھ وائٹ کو 31 رنز پر ناتھن لیون نے اسمتھ کی مدد سے میدان بدر کیا، ڈیرن براوو کی ہمت 21 رنز پر جواب دے گئی، سڈل کی گیند پر وہ وکٹ کیپر پیٹر نویل کا کیچ بنے، راجندرا چندریکا نے پیٹنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 37 رنز بنائے، سموئلز بھی 19 رنز پر مارش کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، جیرمین بلیک ووڈ(20) کو ایل بی ڈبلیو کرکے لیون نے 150 پر گرنے والی وکٹوں کی تعداد 5 کردی،اس موقع پر کپتان ہولڈر اور سینئر کھلاڑی رامدین نے مزاحمت شروع کی۔

ان کے درمیان چھٹی وکٹ کیلیے 100 رنز کی شراکت ہوئی، مارش نے رامدین کو 59 اور ہولڈر کو68 پرمیدان بدر کرکے مزاحمت کچل دی، باقی چار وکٹیں جلد ہی گرگئیں، اس طرح ویسٹ انڈیز کی اننگز 282 رنز پر تمام ہوئی، مارش نے 4 وکٹیں لیں،مجموعی طور پر 7 پلیئرز کو آؤٹ کرنیوالے لیون کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے اپنے گزشتہ روز کے اسکور 179 رنز 3 وکٹ پر ہی دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کرکے چوتھے دن آغاز پر ہی بیٹنگ ویسٹ انڈیز کو دیدی تھی۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کو پہلے مقابلے میں اننگز اور 212 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
Load Next Story