ملکی کرکٹ کے ’’2 بڑے اسٹارز‘‘ آمنے سامنے آ گئے

قائداعظم ٹرافی کے ڈے نائٹ فائنل میں مصباح الحق اوریونس خان کی ٹیمیں مدمقابل

40لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص،8پلیئرزکومیچ کے دوران کیمپ سے دوری کی اجازت۔ فوٹو: فائل

ملکی کرکٹ کے ''2 بڑے اسٹارز'' آمنے سامنے آ گئے، قائداعظم ٹرافی کے ڈے نائٹ فائنل میں مصباح الحق اوریونس خان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔


تفصیلات کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا پانچ روزہ ڈے اینڈ نائٹ فائنل 3 سے 7 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا، یو بی ایل اور سوئی ناردرن کے مابین مقابلے میں کوکا بورا پنک گیند استعمال ہوگی، دونوں ٹیموں کے کپتان بالترتیب یونس اور مصباح ہیں، میچ کا آغاز سہ پہر 2 بجے ہوگا، پہلے دو گھنٹے کھیل کے بعد20 منٹ تک چائے کا وقفہ کیا جائیگا، اس کے بعد اگلے 2 گھنٹے پھر میچ ہوگا، 6.20 بجے شام سے کھانے کا وقفہ 7 بجے تک جاری رہے گا۔ آخری سیشن میں 3 گھنٹے تک میچ ہوگا۔

پی سی بی نے فائنل کے آفیشلز کا اعلان کردیا، احسن رضا اور احمد شہاب فیلڈ امپائرزکے فرائض انجام دینگے، خالد محمود سینئر ٹی وی اور امتیاز اقبال ریزور امپائر ہونگے، میچ ریفری انور خان ہیں، فائنل کے بعد تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا جائیگا جس میں 40 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی، فاتح سائیڈ کو 25 اور رنرز اپ کو 15 لاکھ روپے ملیں گے، مین آف دی میچ، بیسٹ پلیئر، بہترین بولر اورآل راؤنڈرکو فی کس 50 ہزار روپے دیے جائینگے۔ دریں اثنا کرکٹ بورڈ نے ٹریننگ کیمپ میں شریک 8 کھلاڑیوں کو قائد اعظم ٹرافی کا فائنل کھیلنے کی اجازت دیدی، ان میں ون ڈے کپتان اظہر علی، محمد حفیظ، صہیب مقصود، وہاب ریاض، عمر اکمل، محمد رضوان، شرجیل خان اور رومان رئیس شامل ہیں۔
Load Next Story