سال 2015 میں معروف ادبی شخصیات صحافی فلمساز اوراداکارہم سے بچھڑ گئے

علی سفیان آفاقی،اداجعفری، عبداللہ حسین،اشتیاق احمد،جمیل الدین عالی،تشنہ بریلوی،کمال رضوی، جاوید اقبال کا انتقال ہوا

بابائے ٹی وی اسلم اظہر، صحافی واحد بشیر اور عبدالقدوس دارفانی سے کوچ کر گئے، مزاحیہ اداکار فرید خان بھی دنیا میں نہیں رہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
سال 2015 میں پاکستان کی کئی اہم شخصیات ہم سے جدا ہو گئیں، رواں سال ادب کے شعبے سے عہد ساز و قد آور شخصیات کے زندگی کے چراغ بجھ گئے جن میں معروف صحافی، فلم ساز، ہدایت کار اور ادیب علی سفیان آفاقی، ممتاز شاعرہ ادا جعفری، ناول نگار عبداللہ حسین، ماہر قانون، دانشور اور ادیب جسٹس جاوید اقبال، معروف جاسوسی مصنف اشتیاق احمد، ممتازشاعر اور نغمہ نگار جمیل الدین عالی، ممتازاداکار و مصنف کمال احمد رضوی، نامور مصنف، شاعر اور کالم نویس عبدالقوی شکور المعرو ف تشنہ بریلوی، بابائے ٹیلی ویژن اسلم اظہر، سینئر صحافی واحد بشیر اور عبدالقدوس شامل ہیں۔

2015 کے آغاز میں معروف صحافی، فلم ساز، ہدایت کار، مکالمہ نگار اور ادیب علی سفیان آفاقی 27 جنوری کولاہور میں انتقال کر گئے انھوں نے فلم ساز، ہدایت کار، مکالمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر کی حیثیت سے 38 فلموں کی کہانی تحریر کی، علی سفیان آفاقی نے کئی سفرنامے اور کتابیں بھی لکھیں جو خاصی مقبول ہوئیں مرحوم آخر دم تک ہفت روزہ فیملی میگزین کے مدیر تھے، ممتاز شاعرہ ادا جعفری 12 مارچ انتقال کرگئیں۔ اداجعفری کو اردو کی پہلی بڑی خاتون شاعرہ قرار دیا جاتا ہے، اداجعفری کی شاعری اور خودنوشت پرمبنی 6 کتابیں منظرعام پرآئیں جن میں ''میں سازڈھونڈتی رہی، شہردر شہر، غزالاں تم توواقف ہو، سازسخن بہانہ ہے،موسم موسم (کلیات) اور خودنوشت جورہی سوبے خبری رہی'' شامل ہیں انھیں تمغہ امتیاز کے علاوہ کئی ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا، رواں برس اردو زبان کے ممتاز اور عہد ساز ناول نگار اداس نسلیں کے خالق عبداللہ حسین بھی شائقین ادب کو اداس چھوڑ گئے، عبداللہ حسین کے5 ناول اور افسانوں کے تین مجموعے (نشیب، رات، فریب) شایع ہوچکے ہیں۔


شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے صاحبزادے ماہر قانون، دانشور اور ادیب جسٹس رٹائرڈ جاوید اقبال3 اکتوبر کوطویل علالت کے بعد لاہور میں91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جسٹس جاوید اقبال لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے سینیئر جج کے طور پر بھی تعینات رہے ،جاوید اقبال متعدد انگریزی اور اردو کتابوں کے مصنف ہیں، پاکستان میں بچوں کے جاسوسی ادب کے تخلیق کار اشتیاق احمد رواں برس17 نومبر کو انتقال کرگئے، انھوں نے 800 ناول تخلیق کیے ان کے ناولوں کے کردار عوام کے ذہنوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے جن میں انسپکٹر جمشید، محمود، فاروق، فرزانہ، انسپکٹر کامران مرزا اور شوکی شامل ہیں، رواں برس ممتاز شاعر، ادیب،دانشور جمیل الدین عالی دنیا سے رخصت ہوگئے، جمیل الدین عالی ملی نغموں کے مقبول شاعر رہے ان کے ملی نغموں جیوے جیوے پاکستان 'اے وطن کے سجیلے جوانوں، ہم مصطفوی مصطفوی نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی ان دوہوں، نظموں اور غزلوں کے کل11 مجموعے شایع ہوئے۔

رواں برس کے آخری ماہ ٹیلی ویژن، تھیٹر اور ادب میں ممتاز مقام حاصل کرنے والے کمال احمد رضوی انتقال کرگئے، انھوں ریڈیو اور اسٹیج پر کردار نگاری کی کمال احمد رضوی منجھے ہوئے اداکار تھے،انھوں نے کئی ریڈیو اور ٹی وی ڈرامے تحریر کیے مشہور ڈائجسٹ تہذیب، آئینہ اور شمع کے ایڈیٹر بھی رہے، نامور مصنف، شاعر اورکالم نویس عبدالقوی شکور المعروف تشنہ بریلوی بھی رواں سال انتقال کرگئے انھوں نے اردو ادب اور صحافت کیلیے گرانقدر خدما ت سرانجا م دیں، سینئر صحافی،نقاد، ادیب، شاعر، سیاست دان عبدالقدوس بھی رواں سال رخصت ہوگئے وہ روزنامہ امن کے چیف رپورٹر اور رکن سندھ اسمبلی بھی رہے، انھوں نے کئی کتابیں تحریر کیں، سینئر صحافی و شاعر واحد بشیر بھی رواں سال انتقال کرجانے والی شخصیات میں سے ایک تھے وہ بزنس ریکارڈر اخبار سے وابستہ تھے، سال کے آخر میں پاکستانی ٹیلی ویژن کے بانی رکن اسلم اظہر انتقال کرگئے، رواں سال فلم ٹیلی ویژن اور تھیٹر کی معروف شخصیات میں لوک گلوکار غلام حسین شگن، فروری میں لوک گلوکار صادق فقیر، ماہ جون میں معروف ڈائریکٹر جمشید نقوی، جولائی میں ہدایت کار یونس ملک اگست میں مزاحیہ ادکار فرید خان انتقال کر گئے۔
Load Next Story