بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پرحملے میں 4 فوجی اور5 حملہ آورہلاک

فوجی وردیوں میں ملبوس 5 سے 6 حملہ آوروں نے 3 اطراف سے ایئر بیس پر دھاوا بولا، بھارتی میڈیا

سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 حملہ آور بھی مارے گئے، بھارتی میڈیا۔ فوٹو: اے ایف پی

BANNU:
بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کے نتیجے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک جب کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور بھی مارے گئے۔



بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب میں پٹھان کوٹ ائیربیس پرعلی الصبح 5 سے 6 حملہ آوروں نے 3 اطراف سے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چاربھارتی فوجی ہلاک اور 5 اہلکارزخمی ہوگئے، ائیربیس پر حملہ کی اطلاع کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز اور فوج نے علاقے کا مکمل محاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے بیس میں سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم 14 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد بھارتی حکام نے پانچ حملہ آوروں کے مارے جانے کی تصدیق کردی ہے جب کہ حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعت ہیں۔





بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیر بیس میں داخل ہونے والے دہشت گرد فوجی وردی میں ملبوث تھے اور انہوں نے بیس میں داخل ہونے کے لئے پولیس کی گاڑی کا استعمال کیا جب کہ دہشت گردوں کا مقصد پٹھان ائیر بیس پر موجود ہلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں کو نقصان پہنچانا تھا۔








بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پٹھان کوٹ پر دہشت گردوں کے حملوں کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو بھارت کی ترقی برداشت نہیں ہورہی اسی لیے انہوں نے پٹھا ن کوٹ پر حملہ کیا لیکن فوج نے انہیں ان کے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی فورسز پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جان کی بازی لگا کر حملے کو ناکام بنادیا اس لیے وہ اس حملے میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ بھارتی فوج ان کی حفاظت کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔





دوسری جانب پاکستان نے پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افسوسناک واقعہ پر بھارتی حکومت اور عوام سے دلی دکھ کا اظہار بھی کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے جب کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔



ادھر بھارت کے شہر پٹھان کوٹ کے ایئر بیس میں ہونے والے حملے کا معاملہ پراسرار ہوگیا ہے اور خود بھارتی میڈیا نے ہی اس پر سوالات اٹھادیئے ہیں جب کہ مقامی افراد کی جانب سے بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے۔ بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ کے ایئر بیس پر ہونے والے حملے کے بعد سے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے پوری کوشش کی جارہی ہے کہ اس کا الزام پاکستان پر ڈالا جائے جب کہ بھارتی حکومت نے بھی اپنی نااہلی چھپانے کے لیے حملہ آوروں کو سرحد پار سے امداد ملنے کا الزام لگایا ہے تاہم بھارتی میڈیا نے مودی سرکار کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے متعدد سوالات اٹھائے ہیں جس کی وجہ سے ایئربیس پر حملے کا معاملہ پراسرار ہوگیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق گزشتہ روز ہی ایئر بیس کے مرکزی دروازے کے سیکیورٹی بیریئر ختم کردیئے گئے تھے جب کہ قریبی علاقے میں معمول کے مطابق رات 10 بجے بند ہونے والی دکانوں کو زبردستی 8 بجے ہی بند کرادیا گیا تھا۔
Load Next Story