بھارتی ایئربیس پر دوسرے روز بھی دھماکے اورفائرنگ ہلاک فوجیوں کی تعداد 11 ہوگئی

بھارتی فوج 36 گھنٹےگزرنے کے بعد بھی پٹھان کوٹ ایئربیس کو کلیئر نہیں کراسکی

پٹھان کوٹ ایئر بیس میں ایک حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر دوسرے روز بھی سرچ آپریشن جاری ہے فوٹو: اے ایف پی

بھارتی پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ کی ایئربیس پر دوسرے روز بھی بم دھماکوں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے جس میں ایک لیفٹیننٹ کرنل بھی شامل ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ ایئر بیس میں اتوار کی صبح مزید حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاع پر دوبارہ سرچ آپریشن شروع کیا گیا تو 2 مختلف مقامات سے دھماکوں اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں مزید ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے جس کے بعد مارے جانے والے حملہ آوروں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔


دو روز کے دوران پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے جن میں لیفٹیننت کرنل بھی شامل ہے جو گزشتہ روز ایک بم کو ناکارہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے زخمی ہوگیا تھا۔

دوسری جانب دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر بم کی اطلاع پر نئی دہلی کے غازی آباد ریلوے اسٹیشن پر لکھنو شتابدی ٹرین کو روک لیا گیا، ٹرین کے تمام مسافروں کو نیچے اتار کر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی لی گئی، سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ٹرین کو لکھنو جانے کی اجازت دے دی گئی۔ اس کے علاوہ بھارتی شہر ممبئی کا ریلوے اسٹیشن بند کردیا گیا۔

Load Next Story