وزیر اعظم نواز شریف کل 3 روزہ دورے پر سری لنکا روانہ ہوں گے

وزیراعظم نواز شریف اور صدر سری لنکا کے درمیاں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوں گے

وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف 3 روزہ دورے کے لئے کل سری لنکا روانہ ہورہے ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔


دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کولمبو میں پاکستانی ہا ئی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کی دعوت پر پیر کو 3 روزہ سرکاری دورے پر کولمبو پہنچ رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف اور خاتون اول بیگم کلثوم نواز کا استقبال سری لنکن ہم منصب رانیل وکرماسنگھے کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم سری لنکا کے صدر سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورت حال اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا۔ جس کے بعد سری لنکا کے صدر کی جانب سے وزیر اعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا ۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف سری لنکن وزرا، ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات سے خطاب بھی کریں گے۔
Load Next Story