گوجرانوالہ میں پولیس مقابلے کے دوران خاتون سمیت کالعدم تنظیم کے 3 ملزمان گرفتار

پولیس اور ملزمان کے درمیان 4 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں نجی ٹی وی کا کیمرہ مین اور ایک راہ گیرزخمی ہوا۔

پولیس اور ملزمان کے درمیان 4 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں نجی ٹی وی کا کیمرہ مین اور ایک راہ گیرزخمی ہوا۔ فوٹو: فائل

پولیس نے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر دہشت گردوں کی موجودگی پر کارروائی کی جس کے دوران خاتون سمیت 3 ملزمان کو 4 گھنٹے کے مقابلے کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے کھیالی میں پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کرائے کے مکان پر چھاپہ مار کارروائی کی تاہم مکان کے دروازے کو باہر سے تالا لگا ہوا تھا اور پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا تو گھر میں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو کم وبیش 4 گھنٹے تک جاری رہا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں نجی ٹی وی کا کیمرہ مین اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گھر میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے ایلیٹ فورس نے بھی کارروائی میں حصہ لیا اور بکتر بند گاڑی سے گھرکا دروازہ توڑا گیا جب کہ اہلکاروں نے گھر کی چھت پر لگی جالی توڑ کر وہاں سے آنسو گیس کے شیل بھی پھینکے تاہم ملزمان کے پاس گولیاں ختم ہونے پر پولیس نے خاتون سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن میں سے دو کی شناخت عظیم اور عثمان کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے جب کہ خاتون مومنہ بی بی کھیالی کی ہی رہائشی ہے۔
Load Next Story