برینڈن میک کولم بھی عامر کی حمایت میں بول پڑے

فاسٹ بولر کو شک کا فائدہ دینا چاہیے، سزا کی تکمیل پر بحالی پروگرام پر بھی عمل کیا، کیوی قائد

فاسٹ بولر کو شک کا فائدہ دینا چاہیے، سزا کی تکمیل پر بحالی پروگرام پر بھی عمل کیا ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی حمایت میں آواز بلند کردی۔

میک کولم کا کہنا ہے کہ پاکستانی پیسر کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رواں ماہ نیوزی لینڈ کیخلاف محدود اوورز کے میچز میں ملک کی نمائندگی کی اجازت دی جانی چاہیے، واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ دنوں پیسر کو دونوں فارمیٹس کے اسکواڈ میں منتخب کرلیا ہے، تاہم ان کی کیوی دیس روانگی وہاں کا ویزے ملنے سے مشروط ہے، پانچ سال قبل جب اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث عامر پر پابندی لگائی گئی تو اس وقت ان کی عمر محض 18 سال تھی۔


تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے خاتمے کے بعد میک کولم کا کہنا ہے کہ پیسر کو اپنا کیریئر جاری رکھنے کی اجازت دی جائے، کیوی قائد نے کہا کہ اس وقت عامربہت کم عمر تھا اور وہ ایک بھرپور بحالی کے عمل سے گزرے ہیں، اگر وہ ہمارے خلاف میدان میں اترے تو ہم ایک ایسے شخص کیخلاف کھیلیں گے جو ہمارے خلاف کھیل رہا ہوگا، ایک ایسے شخص کے خلاف نہیں جس نے کم عمری میں غلطی کی تھی۔

میک کولم سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے بھی عامرکی پاکستانی دستے میں شمولیت کی حمایت کی تاہم ان کا کہنا تھاکہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اورضروری نہیں کہ ان کے ادارے کی بھی یہی رائے ہو، وائٹ کا کہنا تھا کہ عامر نے اس وقت ندامت کا اظہار کرتے ہوئے غلطی تسلیم کی اور آئی سی سی کی جانب سے بتائے گئے تمام تر تعلیمی پروگرام اور بحالی کے عمل سے گزرے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈکے ویزا قوانین کے تحت کسی بھی جرم میں ملوث سزا یافتہ شخص کوویزا جاری نہیں کیاجاتا۔
Load Next Story