امریکا سے ملک بدرپاکستانی کو خلاف ضابطہ ڈی پورٹ کرنے پر واپس بھجوادیا گیا

وزارت داخلہ نے خلاف ضابطہ ڈی پورٹی کو پاکستان لانے پر ترک ایئرلائن کو5 ہزار ڈالر جرمانے کا نوٹس بھیج دیا۔

وزارت داخلہ نے خلاف ضابطہ ڈی پورٹی کو پاکستان لانے پر ترک ایئرلائن کو5 ہزار ڈالر جرمانے کا نوٹس بھیج دیا۔۔ فوٹو: فائل

بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کے امیگریشن حکام نے بذریعہ ترکش ایئرلائن امریکا سے ملک بدر کئے جانے والے پاکستانی نوجوان کو دستاویزات نہ ہونے پر امریکی اسکارٹ سمیت واپس بھجوادیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکا سے شاہد علی نامی نوجوان کو ملک بدر کیا گیا جسے ترکش ایئرلائن کی فلائٹ ٹی کے 740 کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ لایا گیا تاہم امیگریشن حکام نے دستاویزات نہ ہونے پر اسی ایئرلائن کے ذریعے امریکی اسکارٹ سمیت اسے واپس بھجوا دیا جب کہ وزارت داخلہ نے خلاف ضابطہ ڈی پورٹی کو پاکستان لانے پر ترک ایئرلائن کو 5 ہزار ڈالر جرمانے کا نوٹس بھیج دیا۔


دوسری جانب وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ خلاف ضابطہ ڈی پورٹ کسی شخص کو قبول نہیں کیا جائے گا اس حوالے سے تمام سفارتخانوں کو آگاہ کیا جاچکا ہے کہ اگر کسی کو ڈی پورٹ کرنا مقصود ہوتو پہلے حکومت پاکستان کے ساتھ شہری کے ریکارڈ کی معلومات کا تبادلہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام ممالک کے سفارتخانوں کو نئے ضابطہ اخلاق سے متعلق پہلے ہی آگاہ کیا جاچکا ہے کہ اگر کوئی پاکستانی شخص جرائم میں ملوث ہو اور اسے ڈی پورٹ کیا جانا ہوتو اس کے ریکارڈ کا تبادلہ حکومت پاکستان سے کیا جائے اور مناسب شواہد ہونے کی صورت میں کسی کو بھی ڈی پورٹ کیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story