کالعدم تحریک طالبان سے تعلق کے الزام میں 4افراد گرفتار

سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل کی منگھوپیر میں کارروائی، اسلحہ بھی برآمد.

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے فیروز آباد سے بھتہ خور بلال خان کو گرفتار کرلیا فوٹو : فائل

سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل نے منگھوپیر سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے۔


جبکہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے فیروز آباد سے بھتہ خور کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل چوہدری اسلم نے منگھوپیر روڈ سلطان آباد میں چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 4 افراد حمید اﷲ محسود ، امیر اﷲ محسود ، ارن اﷲ محسود اور یاسین محسود کو گرفتار کر کے 4 ٹی ٹی پستول اور 2 دستی بم برآمد کرلیے ، سی آئی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان شہر میں قتل و غارت گری اور بھتہ سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے فیروز آباد میں چھاپہ مار کر ایک بھتہ خور بلال خان ولد گلاب خان کو گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کرلیں ، ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے مالک سلمان مرچنٹ سے طالبان کے نام پر بھتہ مانگا تھا اور خوفزدہ کرنے کیلیے بھتے کی پرچی اور گولی لفافے میں ان کے گھر بھجوائی تھی۔
Load Next Story