سیاستدان 5 یا6 ایشوز پر ہی مشترکہ پالیسی بنالیں مشاہداللہ

پاکستانی تاریخ میں پہلی بارشفاف الیکشن ہونگے، دستی، ہم صرف نمبربناتے ہیں،وقاص اکرم

کسی بھی موڑپرقوم متحدہوتی سیاستدان نہیںہوتے،علی اصغر ’’لائیو ود طلعت‘‘میں گفتگو.فوٹو : فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہداﷲ خان نے کہاہے کہ امریکا میں سینڈی نامی طوفان نے اس وقت تباہی مچائی ہے جس وقت وہاں الیکشن کا ماحول عروج پر تھا۔

گرماگرم مباحثے جاری تھے لیکن انھوںنے آفت کی اس گھڑی میں اپنی سیاست کو ایک طرف رکھ کر قومی یکجہتی کا مظاہر ہ کیا ہے جوایک مثالی کام ہے ۔ پروگرام لائیوود طلعت میں اینکر پرسن طلعت حسین سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ امریکی سیاستدانوں کی اس معاملہ فہمی سے دوسرے لوگوں کو بھی سبق سیکھنا چاہیے۔ہماری سیاست اور لیڈر امریکا کا مقابلہ نہیں کرسکتے کیونکہ یہاں پر ویسا سسٹم ہی نہیں ہے ۔


ملک میں کئی ایسے مواقع آئے بھی ہیں جنہوں نے قوم کو متحد کردیا لیکن یہ اتحاد وقتی طورپر ہی رہا۔65 سال میں پہلی مرتبہ کوئی سول حکومت سول حکومت کو ٹرانسفر ہوگی اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے سیاستدانوں کو کم ازکم پانچ یا چھ ایشوز پر مشترکہ پالیسی بنا لینی چاہیے ۔

امن وامان ، بلوچستان ،دہشت گردی اور لااینڈ آڈر کی صورتحال پر متفقہ ایجنڈہ طے کرلینا چاہیے تاکہ جو بھی حکومت قائم ہووہ ان ایشوز پر اپنی پالیسی برقرار رکھے ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما جمشید دستی نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شفاف الیکشن ہورہے ہیں ۔آزاد عدلیہ ،آزاد میڈیا کی موجودگی میں کچھ نہیں ہوگا۔

مسلم لیگ ق کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے ہاں جب کوئی آفت آتی ہے تو ہمارے سیاستدان نمبر بنانے میں لگ جاتے ہیں، ہمارے لوگ اپنے لیڈروں کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے حالانکہ سب کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ سچا ثابت کریں تاکہ دوچار سیٹیں زیادہ لے لیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما علی اصغر خان نے کہاکہ جب بھی کوئی اہم موڑ آتاہے تو ہماری قوم متحد ہوجاتی ہے لیکن لیڈر متحد نہیں ہوپاتے ۔سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ بھی قوم کو متحد ہونے کا موقع فراہم کررہا ہے۔اگر ہمارے لیڈران مخلص ہوں تو قوم کا اعتماد بڑھے گا ۔
Load Next Story