پنجاب میں ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں30 فیصد کمی کردی

فیصلہ حکومت سے مذاکرات میں کیا گیا،اربن ٹرانسپورٹ کا کم سے کم کرایہ 16 روپے ہوگا

فیصلہ حکومت سے مذاکرات میں کیا گیا،اربن ٹرانسپورٹ کا کم سے کم کرایہ 16 روپے ہوگا. فوٹو: فائل

سی این جی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹروں میں مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔


حکومت پنجاب نے انٹرسٹی بس کے کرایوں میں30 فیصد اور اربن ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں25 سے28 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا،اس امر کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ سید زعیم قادری اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کیپٹن (ر) محمد یوسف نے گذشتہ روز ٹرانسپورٹ ہاؤس میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پہلے سی این جی اور پٹرول پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے الگ الگ کرائے تھے مگر اب ان کو ایک کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ بین الاضلاع روٹ پر چلنے والی ہائی ایس ویگنیں جو پکی سڑکوں پر چلتی ہیں ان کا کرایہ 89 پیسے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ کچی سڑکوں پر چلنے والی ویگنوں کا کرایہ91 پیسے فی کلو میٹر اور پہاڑی علاقوں میں چلنے والی ویگنوں کا کرایہ 99 پیسے فی کلو میٹر مقررکیا گیا ہے۔ اسی طرح پکی سڑکوں، کچی اور پہاڑی علاقوں میںڈیزل سے چلنے والی نان اے سی بسوں کا کرایہ بالترتیب1.10 پیسے فی کلو میٹر،1.15 پیسے فی کلو میٹر اور 1.20پیسے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ اربن روٹ پر چلنے والی سی این جی و اے سی بسوں کا کرایہ مختلف مراحل میں طے کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پہلی اسٹیج کا کرایہ 20 روپے سے کم کر کے 16 روپے طے کیا گیا ہے۔
Load Next Story