افغان مفاہمتی عمل کیلیے چارفریقی مذاکرات کا دوسرا دور 11 جنوری کو ہوگا دفترخارجہ

اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کے نمائندے شرکت کریں گے، ترجمان

اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کے نمائندے شرکت کریں گے، ترجمان، فوٹو؛ فائل

NEW YORK:
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل کے لیے چار فریقی مذاکرات کا دوسرا دور 11 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن اور افغان مفاہمتی عمل کے لیے 4 ملکی اجلاس 11 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں پاکستان، افغانستان، چین، اور امریکا کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری 4 فریقی مذاکرات میں پاکستان کی جب کہ افغان نائب وزیرخارجہ حکمت کرزئی اجلاس میں افغانستان کی نمائندگی کریں گے۔


ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم تجربے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور پاکستان امن وسلامتی کوخراب کرنے والے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کوریا کی ہمیشہ حمایت کی ہے جب کہ تمام ممالک کو اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔

واضح رہے شمالی کوریا نے چند روز قبل ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کی اقوام متحدہ نے بھی شدید مذمت کی تھی۔
Load Next Story