نئے قوانین کے تحت آج سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ

بیٹسمینوں کو ہر اوور میں دو بائونسرز سے خبرداررہنا ہوگا، پاور پلیز بھی دو ہی ہوں گے۔

پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران کیوی وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ کیچ تھامنے کیلیے کوشاں۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعرات کو پہلا ون ڈے نئے قوانین کے تحت کھیلا جائے گا، بیٹسمینوں کو ہر اوور میں دوبائونسرز سے خبردار رہنا ہوگا۔


پاور پلیز بھی صرف دو ہی ہوں گے، فرنٹ فٹ فالٹ پر امپائرز کو چکمہ دینے کی کوشش اب کامیاب نہیں ہوگی۔ واحد ٹوئنٹی 20 میچ کو نشانہ بنانے والے موسم کے تیور اب بھی کچھ اچھے نہیں ہیں، پھر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ میچ شروع ہونے سے پہلے ہی کیوی فاسٹ بولر ایڈم ملن کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گذشتہ پیر کو تینوں فارمیٹس میں تبدیلوں کا اعلان کیا تھا جن کا اطلاق منگل کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹوئنٹی 20 سے ہوچکا ہے، اب ان ہی دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز بھی نئی تبدیلیوں کے تحت کھیلی جائے گی، آئی سی سی نے ایک اننگز کو تین کے بجائے دو پاور پلیز تک محدود کردیا ہے، پہلا ابتدائی 10 اوورز کا ہوگا جس میں سرکل سے باہر صرف دو فیلڈر کھڑے کرنے کی اجازت ہوگی۔

دوسرا پانچ اوورز کا بیٹنگ پاور پلے ہر صورت 40 اوورز تک مکمل کرنا ہوگا،اس میں تین فیلڈرز سرکل سے باہر کھڑے ہوںگے جبکہ باقی نان پاور پلیز اوورز میں بھی چار فیلڈرز کو 30 گز کے اندرونی دائر کے سے باہر تعینات کرنے دیا جائے گا۔ فاسٹ بولرز کو ایک اوور میں دوبائونسرز کی اجازت ملنے کے بعد اب بیٹسمینوں کو محتاط ہوکر کھیلنا ہوگا،اگر کسی بولر کا فرنٹ فٹ فالٹ آن فیلڈ امپائر کی نظروں سے بچ بھی گیا تو تھرڈ امپائر ازخود جائزہ لے کر آئوٹ قرار پانے والے بیٹسمین کو واپس بلانے کی ہدایت کرسکتا ہے۔نیوزی لینڈ نے رواں سال ایک بھی ون ڈے سیریز نہیں جیتی اس لیے وہ اس فارمیٹ میں دوبارہ کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہونا چاہتا ہے، مگر اسے فاسٹ بولر ایڈم ملن کی خدمات میسر نہیں ہوںگی جو پیٹ کی تکلیف کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ٹوئنٹی 20 میں آرام پانے والے مہیلا جے وردنے اور لسیتھ مالنگا کی میزبان ٹیم میں واپسی ہوگی۔
Load Next Story