ٹرانزٹ ٹریڈ جانچ کیلیے چمن بارڈر پر اسکینر کی تنصیب شروع

اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی، کسٹمز ریونیو میں اضافہ، مقامی صنعتوں کو تحفظ ملے گا، ذرائع

اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی، کسٹمز ریونیو میں اضافہ، مقامی صنعتوں کو تحفظ ملے گا، ذرائع فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیونے کسٹمزکی سطح پر ریونیو اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کے تحت درآمدی شعبے میں مختلف بے قاعدگیوں پر کنٹرول اور انسداد اسمگلنگ کی فوری و طویل مدتی پالیسی مرتب کرلی ہے۔


محکمہ کسٹمز کے باخبرذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ حال ہی میں کلکٹرزکسٹمز کانفرنس میں فیصلے کے تحت افغان ٹرانزٹ ٹریڈکی آڑ میں اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کیلیے فوری طور پر چمن سرحد پر اسکینر نصب کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، چمن سرحد پر مجوزہ اسکینر کی تنصیب کے نتیجے میں پاکستان سے افغانستان کیلیے اے ٹی ٹی کے تحت جانے والے تمام کنسائنمنٹس کی جانچ پڑتال کی جائے گی، اسکینر کی تنصیب سے اے ٹی ٹی کنسائنمنٹس کی گڈزڈیکلریشن کے مطابق نہ صرف تصدیق ممکن ہوسکے گی بلکہ کسٹم ریونیو کی مد میں پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ، قانونی درآمدکنندگان اور مقامی صنعتوں کو تحفظ حاصل ہوسکے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) ایف بی آر کے معیار اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے چمن سرحد پر مجوزہ اسکینر کی تنصیب کرے گا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ کسٹمزکی انتظامیہ کوہدایات جاری کی گئی ہیں کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈکے معاملات کوشفاف طریقے سے حل کرے اورافغان ٹرانزٹ ٹریڈکے کنسائنمنٹس کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے مالکان کو کسٹمزکے قوانین پرعملدرآمدکرنے کاپابندکیاجائے جبکہ کنسائنمنٹس سے اشیا غائب ہونے کی صورت میں متعلقہ شخص،گاڑی کے مالک اورکلیئرنگ ایجنٹ کے خلاف کارروائی کرکے کنسائنمنٹس پر عائدکسٹمزڈیوٹی وٹیکسزکی وصولی کی جائے گی تاکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈکے ذریعے کی جانے والی اسمگلنگ پر قابوپایاجاسکے۔
Load Next Story