ایل پی جی کی قیمتوںمیں اضافہ نہیں کیا گیاعبدالہادی خان

درآمدی لاگت 3 ہزار روپے ٹن بڑھی مگر کسی پروڈیوسر یا مارکیٹنگ کمپنی نے نرخ تبدیل نہیں کیے، چیئرمین

مقامی قیمت 3 نومبر کو طے کی جائیگی، صارفین مہنگی گیس نہ خریدیں، چیئرمین ڈسٹری بیوٹرز فوٹو : فائل

مائع پٹرولیم گیس کے مرکبات پروپین کی فی ٹن قیمت25 ڈالر بڑھ کر1050 ڈالراوربیوٹین کی قیمت 15 ڈالربڑھ کر990 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے نتیجے میں نومبر 2012 کیلیے ایل پی جی کی فی ٹن سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس 25 ڈالرکے اضافے سے1008 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔

آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالہادی نے بتایا کہ نومبر2012 کیلیے کنٹریکٹ پرائس میں اضافے سے پاکستان میںایل پی جی کی فی ٹن درآمدی لاگت اگرچہ 3000 روپے کے اضافے سے 1 لاکھ 28 ہزار روپے ہوگئی ہے لیکن تاحال کسی بھی پروڈیوسر، مارکیٹنگ کمپنی کی جانب سے نہ تو درآمدی ایل پی جی اور نہ ہی مقامی طور پر پیداہونے والی ایل پی جی کی قیمتوں میں کسی قسم کا ردوبدل کیا ہے لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ بدھ کو مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے بلکہ مقامی پروڈیوسر 3 نومبر2012 کو ہی ایل پی جی کی مقامی قیمتوں کا تعین کریں گے، ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین مصنوعی طور پر اضافہ شدہ قیمتوں پرایل پی جی کی خریداری سے گریز کریں۔


عبدالہادی نے بتایا کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں مستقل اضافے کی وجہ سے پاکستان میں اب بھی عالمی قیمتوں کی نسبت فی ٹن ایل پی جی کی قیمت20 فیصد کم ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی درآمدی سرگرمیاں سست ہوگئی ہیں لیکن پاکستان میں موسم سرما کا سیزن شروع ہوگیا ہے جس میں ایل پی جی کی یومیہ کھپت کا حجم 50 تا60 فیصد کے اضافے سے1900 تا 2100 ٹن تک پہنچ جاتا ہے جسے مقامی پیداوار کے ذریعے پورا کرنا مشکل ہے کیونکہ مقامی پروڈیوسرز کی جانب سے ملکی ضروریات کے مطابق ایل پی جی کی پیداوار نہیں کی جارہی ہے اور نہ ہی پروڈیوسرز اپنی استعدادکار میں اضافہ کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی پروڈیوسرز تاحال 1200 تا 1300ٹن ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کررہے ہیں۔ عبدالہادی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کے جاری بحران سے استفادے کیلیے مقامی پروڈیوسرز3 نومبر کوکنٹریکٹ پرائس کے تناسب سے فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت میں3 روپے، فی11.8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں35.50 روپے اور فی45.4 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں137 روپے کا اضافہ کرسکتے ہیں لیکن آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی تجویز ہے کہ مقامی پروڈیوسر بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر بحرانوں کی زد میں آنے والے اپنے 5 کروڑ سے زائد صارفین کے مفاد میں نومبرکیلیے کنٹریکٹ پرائس میں اضافے کے تناسب سے ایل پی جی کی قیمت بڑھانے سے گریز کریں تاکہ ایل پی جی دوردراز، پہاڑی اور پسماندہ علاقوں کے صارفین کی دسترس میں رہ سکے۔
Load Next Story