ناراض اتحادیوں کے تمام خدشات کو دور کیا جائے صدر کی وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت

انتخابات مقررہ وقت پر شفاف طریقے سے کرواکرتاریخی کارنامہ انجام دینگے، صدر زرداری

کراچی: صدر زرداری بلاول ہائوس میں ذوالفقار آبادمنصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پا رٹی آئندہ انتخابات اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لڑے گی۔

حکومت کی اولین ترجیح ملک میں قیام امن ہے کیونکہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے، بھرپور کوشش ہے کہ ملک سے توانائی کے بحران، غربت ، مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کیا جائے، حکومت نے 1973ء کا آئین اصل شکل میں بحال کرکے جو کارنامہ انجام دیا ہے اسی طرح آئندہ انتخابات کو مقررہ وقت پر شفاف انداز میں منعقد کراکے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیں گے، ذوالفقار آباد پروجیکٹ میں انفرااسٹرکچرکے منصوبوں کو آئندہ دو برس میں مکمل کرلیا جائے۔

وہ بدھ کو گورنر ہائوس کراچی میں قائم مقام گورنر سندھ نثار احمد کھوڑو اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میںگفتگو اورصدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں ذوالفقار آباد پروجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صدرکی قائم مقام گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سندھ میں اتحادی جماعتوں کے درمیان تعلقات، صوبے میں بارش سے متاثرہ اضلاع میں بحالی و تعمیر نو کے کاموں، امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صدر نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کے سبب مضبوط ہوئی ہے۔ اس پالیسی کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔


صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور بارش سے متاثرہ اضلاع میں بحالی اور ریلیف کے کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور ان اضلاع کے متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جائے۔ صدر نے وزیر اعلیٰ کو مزید ہدایت کی کہ ناراض اتحادی جماعتوں کے خدشات کو دور کیا جائے اور تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ صدر نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہی حکومت کی کامیابی ہوتی ہے اور ہم اسی ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے تمام علاقوں کا دورہ کر یں اور براہ راست عوام سے رابطہ کرکے ان کے مسائل کوفوری حل کیا جائے جبکہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔

علاوہ ازیں ذوالفقار آباد پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے صدر زرداری نے کہا ہے کہ اس منصوبے کی راہ میںحائل تمام رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جائے، صدر نے کہا کہ اس منصوبے سے سے لوگوں کو رہائشں کے ساتھ روزگار بھی ملے گا ۔ اجلاسں میں ڈی جی ذوالفقار آباد پروجیکٹ نے صدر کو اس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبے کا ماسٹر پلان پیش کیا۔ صدر نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر نئے شہروں کو آباد کرنے کی ضرورت ہے۔

تاہم ان شہروں کو ماسٹر پلان اور جدید سہولیات کے مطابق آباد ہونا چاہیے تاکہ نئے شہروں میں رہائش اختیار کرنے والے افراد کا معیار زندگی بہتر ہوسکے، صدر نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ ذوالفقار آباد پروجیکٹ کی تکمیل کے دوران پہلے مرحلے میں انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کو مکمل کیا جائے اور ذوالفقار آباد شہر میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کیلیے ڈی سیلینیشن پلانٹ نصب کیا جائے جبکہ بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے شمسی توانائی سے استفادہ حاصل کیا جائے۔ صدر نے ذوالفقار آباد پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں طلب کرلی ہے۔اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار آباد پروجیکٹ افتخار حسین، صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story