’’سینڈی‘‘ امریکا میں بربادی کے نشان چھوڑ گیا نیلم طوفان بھارت کی طرف بڑھنے لگا

نیویارک، نیوجرسی سمیت 17ریاستوں کے 8کروڑ شہری متاثر، ہوائی اڈے بدستور بند، ہزاروں افراد ایئرپورٹس پر پھنسے ہیں

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سمندری طوفان ’’ نیلم ‘‘کے نتیجے میں جڑ سے اکھڑنے والا درخت کار پر گرا ہوا ہے۔ فوٹو: فائل

امریکا کی17ریاستوں میں ہولناک تباہی پھیلانے والے سمندی طوفان سینڈی کا زور ٹوٹ گیا۔

طوفان سے اب تک ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد59ہو گئی ہے، بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح تباہ ہو چکا ہے، سڑکیں کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، امریکا میں متاثرہ علاقوں کے ائیر پورٹس بدستور بند ہیں اور ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، نیویارک اور نیو جرسی میں تباہی مچانے کے بعد سینڈی نے شمالی علاقوں کا رخ کر لیاہے تاہم کینیڈا کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد اس کا زور ٹوٹ چکا ہے۔ دوسری جانب طوفان کے باعث ملتوی ہونیوالی صدارتی انتخابی مہم ری پبلیکن امیدوار مٹ رومنی نے شروع کر دی جبکہ صدر اوباما آج سے دوبارہ شروع کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق سینڈی طوفان نے جزائر غرب الہند سے لیکر کینیڈا تک خصوصاً امریکا میں تباہی کی داستان رقم کر دی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں سمندری طوفان سینڈی کا زور بدھ کو ٹوٹ گیا، طوفان سے ہلاک ہونیوالے افراد کی تعداد 59ہو گئی، سینڈی اپنے پیچھے تباہی اور بربادی کی داستان چھوڑ گیا ہے، طوفان سے 17ریاستوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا، 82لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی، ڈیلوایئر میں متعدد مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور ہائی وے پانی میں ڈوب گئی، نیویارک میں دس زیر زمین ریلوے اسٹیشن پانی سے بھر چکے ہیں۔


میئر مائیکل بلومبرگ کے مطابق بجلی کی بحالی میں ایک ہفتہ لگے گا، ہوائی اڈے بدستور بند اور پروازیں منسوخ ہونے کے باعث ہزاروں افراد ایئرپورٹس پر پھنسے ہیں۔ امریکا میں طوفان، آگ اور سیلاب سے تباہی اور بربادی کے نشان باقی ہیں، تین نیوکلیئر پاور ری ایکٹر تاحال بند ہیں جبکہ چوتھے کیلیے الرٹ جاری کر دییے گئے۔ طوفان نے نیویارک جیسے شہر کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے، امریکی ریاستوں میں اب تک 8کروڑ افراد اس طوفان سے متاثر ہو چکے ہیں، سب سے زیادہ تباہی نیویارک اور نیوجرسی کی ریاستوں میں ہوئی، طوفان کیوجہ سے اٹھارہ ہزار ایک سو پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں۔

جان ایف کینیڈی اور نیویارک لبرٹی ایئرپورٹ جزوی طور پر کھول دیئے گئے ہیں، مختلف علاقوں میں امدادی کام جاری ہیں، بدھ کو بھی کئی ریاستوں کے تقریباً62لاکھ افراد بجلی سے محروم تھے، طوفان کے باعث ویسٹ ورجینیا میں 3فٹ برف پڑچکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے 50ارب ڈالر تک نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ ماہرین موسمیات کہتے ہیں سیلابی ریلوں سے اب بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے، سینڈی امریکی انتخابات میں فیصلہ کن کردار ادا کرنیوالی کئی ریاستوں کو متاثر کریگا، نیویارک کے ٹرانسپورٹ ڈائریکٹر جوزف کے بقول ریلوے کا 108سال پرانا زیرزمین نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

بی بی سی کے مطابق امریکا کے شمالی مشرقی علاقے میں کاروبار اور دیگر سہولتیں بحال ہونا شروع ہو رہی ہیں۔ نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے کہا ہے کہ 'ہماری ایک نسل نے ایسی تباہی نہیں دیکھی۔' نیو یارک سٹاک ایکسچینج اور نسدک ایکسچینج دو دن بند رہنے کے بعد کھل گئیں، اس سے قبل وہ خراب موسم کیوجہ سے 1888میں بند ہوئی تھیں۔ دریں اثناء واشنگٹن میں ریڈکراس ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ طوفان سینڈی ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور کچھ شمالی ریاستیں سیلاب اور طوفانی ہوائوں کا سامنا کر سکتی ہیں۔ انھوں نے نیوجرسی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

ادھر امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ علاوہ ازیںخلیج بنگال میں اٹھنے والا نیلم نامی سمندری طوفان جنوبی بھارت کی طرف بڑھنے لگا، بھارتی ریاستوں تامل ناڈو اور آندھرا پردیش میں ریڈ الرٹ کرتے ہوئے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان 95کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تامل ناڈو، آندھرا پردیش، کرناٹک کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے، طوفان کے باعث بنگلور میں تیز ہوائوں کیساتھ بارش شروع ہو گئی جبکہ دیگر علاقوں میں بھی بارش ہونے اور سمندر میں ڈیڑھ میٹر اونچی لہریں بلند ہونے کا امکان ہے، اس دوران موسم سرد رہیگا۔ محکمہ موسمیات کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خلیج بنگال کے جنوب مغرب میں ہوا کا دبائو بڑھ رہا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story