بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی تا نومبر443فیصد کا اضافہ

جولائی سے نومبر 2015 تک بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.43 فیصد کا اضافہ ہوا،پاکستان بیوروشماریات

ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار 1.04 فیصد جبکہ کوک و پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 4.53 فیصد کا اضافہ ہوا۔ فوٹو :فائل

پاکستان میں رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار (ایل ایس ایم) میں 4.4فیصد کا سال بہ سال اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ نومبر میں ایل ایس ایم گروتھ سالانہ بنیادوں پر4.73 فیصد رہی تاہم اکتوبر کے مقابلے میں 0.38 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔


پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر 2015 تک بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.43 فیصد کا اضافہ ہوا جس میں آٹوموبائل، کھاد اور خوراک ومشروبات کے شعبے نے سب سے زیادہ اہم کردار ادا کیا، ان 5ماہ میں آٹوموبائل سیکٹر کی پیداوار 32.29 فیصد بڑھ گئی جبکہ کھاد کی پیداوار میں 15.24 فیصد اور خوراک مشروبات و تمباکو کی پیداوار میں 4.81 فیصد کا اضافہ ہوا، اس کے علاوہ غیردھاتی معدنی مصنوعات کی پیداوار میں 5.32 فیصد، فارماسیوٹیکل صنعتوں کی پیداوار میں 6.44 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار 1.04 فیصد جبکہ کوک و پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 4.53 فیصد کا اضافہ ہوا، کیمیکل 11.02 فیصد، ربرپروڈکٹس 9.27 اور چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 0.80 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم چند ایک شعبے سنبھل نہ سکے اور ان کی پیداوار مذکور 5ماہ میں مجموعی طور پر گرگئی، ان میں آئرن واسٹیل سیکٹر کی پیداوار 6.01 فیصد، الیکٹرونکس 5.81 فیصد، پیپر اینڈ بورڈ 15.78 فیصد، انجینئرنگ مصنوعات 15.37 فیصد اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 23.53 فیصد کمی آئی، ان شعبوں کی حالت نومبر میں بھی بہتر نہ ہوسکی تاہم الیکٹرونس کی پیداوار نومبر میں 0.53 فیصد بڑھی۔
Load Next Story