اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں دھند کے باعث زمینی اور فضائی سروس بری طرح متاثر

موٹر وے ٹریفک کیلئے بند جب کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہے۔

عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ترجمان موٹر وے پولیس۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں دھند کے باعث موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند جب کہ ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حد نگاہ صفر ہونے کے باعث لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے کی جانب آنے والی تمام ٹریفک کو جی ٹی روڈ کی طرف منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دھند کے بار بار انے سے ٹریفک شدید متاثر ہورہی ہے۔ ترجمان موٹر وے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر سفر کے دوران فوگ لائٹس روشن رکھیں اور لاہور سے راولپنڈی کی طرف سفر کرنے والے مسافر قافلے کی صورت میں سفر کریں۔


بھکر سمیت گرد نواح کےعلاقوں میں بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جب کہ نیشنل ہائی وے پر مریدکے، ناروال، گوجرانوالہ، قصور اور دیگر شہر بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی شدید دھند کے باعث حد نگاہ 30 میٹر سے بھی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہے۔ شدید دھند کے باعث کراچی، کوئٹہ اور گلگت سے آنے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جب کہ دوبئی، جدہ، مدینہ، شارجہ، کوپن ہیگن، لندن، مانچسٹر، استنبول، کویت اور دوہا سے آنے والی پروازیں بھی متاثر ہیں۔
Load Next Story