دوسرا ٹی ٹوئنٹی پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا جارحانہ آغاز

نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرز نے شاندار ففٹیز اسکور کیں۔

پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے سب سے زیادہ 56 اور شعیب ملک نے 39 رنز اسکور کئے۔ فوٹو: فائل

تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔

ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور نیوزی لینڈ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 15 اوور میں 141 رنز بنا لئے ہیں۔ مارٹن گپٹل 73 کین ولیمسن 61 کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔


اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا، حفیظ نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا۔ پاکستان کو پہلا نقصان احمد شہزاد کی صورت میں ہوا جو 9 رنز بنا کر کورے اینڈرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ساتویں اوور میں سینٹنر کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں محمد حفیظ بھی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ صہیب مقصود 23 گیندوں پر 18 رنز بنا سکے۔ شعیب ملک 39 رنز بنا کر میک کلنگھن کی گیند پر بولڈ ہوئے، شاہد آفریدی نے ایک چھکے کی مدد سے 7 رنز اسکور کئے اور ملنے کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ عمر اکمل نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی اور وہ 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ آکلینڈ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔

Load Next Story