تیراہ میں فورسز کی کارروائی 9شدت پسند ہلاک 1000افراد گرفتار

گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ کے دوران 6شدت پسندزخمی بھی ہوئے، 4ٹھکانے تباہ،گولے گرنے سے 4نوجوان زخمی،4مکانات تباہ

باجوڑمیں برنگ قبائل کاجرگہ،پوست کی کاشت نہ کرنے، انتظامیہ سے تعاون کا اعلان،پشاور میں حجرے پرفائرنگ،ایک شخص جاں بحق۔ فوٹو: فائل

خیبرایجنسی کے دور افتادہ علاقہ وادی تیراہ میں شدت پسندوں کیخلاف کارروائی جمعرات کو پانچویں روز بھی جاری رہی۔


سیڑئے،سرہ ویلا اور سورکس میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر سکیورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی گئی ، آئی این پی اور این این آئی کے مطابق کارروائی میں 9 شدت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ ان کے 4 ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے 5 دنوں کے دوران ایک ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔ فورسز نے علاقہ میں پیش قدمی جاری رکھی ہے۔ ادھر باڑہ کے پہاڑی علاقہ ملک دین خیل چرگی ڈاگری میں گولہ گرنے سے کرکٹ کھیلنے والے 4 نوجوان زخمی ہوگئے۔

ملک دین خیل اور کمر خیل میں گولے گرنے سے 4 مکانات کو بھی نقصان پہنچا،برقمبر خیل میں ممکنہ آپریشن کو روکنے ، بند راستوں کھولنے اور علاقے میں امن کے قیام کیلiے عمائدین کا جرگہ شاہ کس میں طلب کرلیاگیا۔ باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں برنگ قبائل کا گرینڈ جرگہ ہوا ، اس دوران عمائدین نے پوست کی کاشت نہ کرنے اور مقامی انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔ پشاور کے نواحی علاقے متنی میں مسلح افراد نے حجرے میں گھس کر ایک شخص کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ سے دو روز اغوا ہونے والے شخص کی لاش باغڑ کے جنگل سے مل گئی ہے۔
Load Next Story