مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسزسے جھڑپوں میں 3 نوجوان شہید 2 زخمی

پلوامہ کے گاؤں نائینا میں مبینہ آپریشن میں فورسز نے شاکراحمداور ریاض احمدکوشہید کردیا

میر واعظ اوردیگر حریت رہنماؤں کاشہید ہونیوالے نوجوانوں کو خراج عقیدت، کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع نہیں، ڈیڑھ کروڑکشمیریوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے، سید علی گیلانی فوٹو: فائل

BARA:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کوضلع پلوامہ میں3کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا۔ فوجیوں نے شاکر احمد اور ریاض احمد نامی 2 نوجوانوں کو ضلع کے علاقے نائینا بٹہ پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا جبکہ تیسرے نوجوان عبدالحمید صوفی کی لاش ضلع کے علاقے لاسی پورہ سے مشکوک حالت میں ملی ہے۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسندتھے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس نتیش کمار کے مطابق سری نگر سے 35 کلومیٹر دور نینا گاؤں میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر بھارتی پولیس اہلکارں نے منگل کی رات علاقے کا محاصرہ کیا، پھر فائرنگ کاتبادلہ شروع ہوگیا، نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میںکشمیریوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کردیے، نوجوانوں اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپوں کے باعث علاقے سے گزرنے والی بارہ مولہ بانیہال ریل سروس معطل ہو گئی، مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤکیا جس پرقابض فورسزنے آنسو گیس کی شیلنگ اورفائرنگ کردی۔


ڈی آئی جی نے بتایاکہ پولیس فائرنگ سے ایک شہری بھی ماراگیا جبکہ2 زخمی ہو گئے۔ آزادی اور بھارت مخالف نعرے لگانے والے مشتعل مظاہرین نے پولیس کی ایک بکتر بند گاڑی بھی جلادی، یہ بکتربندگاڑی علاقے میںجھڑپوں کے بعد سپاہیوںکونکالنے کے لیے بھیجی گئی تھی۔

حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق اور دیگرنے شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جدوجہد آزادی میںکشمیری عوام اپنے جائزحق کے حصول کے لیے جو بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں وہ تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہے۔ سری نگر میں جاری ایک بیان میں میر واعظ عمرفاروق نے کہا کہ پورے خطے میں موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کی سب سے بڑی وجہ مسئلہ کشمیرکاحل نہ ہوناہے۔

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی سرحدی تنازع نہیں بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑکشمیریوں کے مستقبل کامسئلہ ہے ۔
Load Next Story