بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہواچیف جسٹس

انتخابات سر پرآگئے ہیں، ریمارکس، جماعتوں میں الیکشن کیلیے پٹیشن کی سماعت 5 نومبر کو ہوگی

انتخابات سر پرآگئے ہیں، ریمارکس، جماعتوں میں الیکشن کیلیے پٹیشن کی سماعت 5 نومبر کو ہوگی۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے بلدیاتی الیکشن کرانے کیلیے دائر پٹیشن دو ہفتے کیلیے ملتوی کر دی ہے اور درخواست گزار سے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلیے عدالت عظمیٰ کے حکم کی تصدیق شدہ نقل طلب کرلی۔


جمعرات کو درخواست گزار بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے تحت بلدیاتی الیکشن کا انعقاد لازمی ہے لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے کہا بلوچستان کیس میں سپریم کورٹ نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلیے حکم جاری کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا ، چیف جسٹس نے کہا اب تو عام انتخابات سر پر آگئے ہیں۔

دریں اثنا سیاسی جماعتوں میں الیکشن کیلیے دائر پٹیشن کی سماعت پانچ نومبر کو مقرر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار گل زلی خان نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی جماعتوں پر افراد اور خاندانوں کا قبضہ ہے ،سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوریت نہ ہو تو ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی۔
Load Next Story