فیس بک نے کھیلوں سے باخبررہنے کے لیے نیا فیچرمتعارف کرادیا

فیس بک اسپورٹس اسٹیڈیم میں صارفین اسپورٹس کی تازہ ترین خبروں کو اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔

فیس بک اسپورٹس اسٹیڈیم میں صارفین اسپورٹس کی تازہ ترین خبروں کو اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے، فوٹو؛ فائل

فیس بک وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کی سہولت کے لیے نئے فیچر متعارف کرا رہی ہے تاکہ انہیں ایک ہی ٹچ میں ہر قسم کی معلومات حاصل ہوجائیں اور اب فیس بک نے مختلف کھیلوں سے باخبر رہنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جہاں صارفین کھیل کی تازہ ترین خبروں سے آگاہ رہیں گے اور اپنے دوستوں کو بھی اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔


فیس بک کے مطابق اس نئے فیچر کو فیس بک اسپورٹس اسٹیڈیم کا نام دیا گیا ہے جو اپنے صارفین کو اسکورز کی براہ راست اپ ڈیٹس، دوستوں کی جانب سے پوسٹس اور براہ راست میچ دیکھنے کے مختلف لنکس کی سہولت دے گا۔ فیس بک کے پراڈکٹ مینیجرکا کہنا ہے کہ یہ فیچر اسپورٹس کے لیے مختص کی گئی جگہ ہے جہاں لوگ اسپورٹس کی تازہ ترین خبروں کو اپنے دوستوں اور دنیا کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فیس بک پر کھیل کے شوقین 65 کروڑ صارفین ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لوگ اپنی کامیابیوں اور تقریبات کو فیس بک پر مناتے ہیں تاکہ اپنے دوستوں اور مداحوں کو اس خوشی میں شامل کرسکیں۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ ایسی جگہ ہوگی جہاں لوگ اپنے پسندیدہ کھیل کو اپنے دوستوں سے دور ہوکر بھی ان کے ساتھ شیئر کر سکیں اور وہ خود کو اپنے دوست کے ساتھ بیٹھا ہوا محسوس کریں گے، اس کے علاوہ مداح اپنے پسندیدہ کھیل کو براہ راست دیکھ سکیں گے اور اپنا تبصرہ بھی کر سکیں گے۔ فیس بک انتظامیہ کے مطابق فی الحال یہ سروس ابھی امریکن فٹبال گیمز کے لیے دی جارہی ہے تاہم اسے جلد دیگر کھیلوں تک پھیلا دیا جائے گا جب کہ یہ سروس آئی فون پر دستیاب ہوگی جسے بعد میں دیگر فونز تک فراہم کردیا جائے گا۔
Load Next Story