پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 70 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی اوپنر ایک بار پھر ناکام رہے، بابر اعظم 62، حفیظ 42 اور سرفراز 30 رنز بنا سکے۔ فوٹو: اے ایف پی۔

لاہور:
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 70 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ویلنگٹن کے بیسن ریزرو گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 281 رنزکے ہدف کے تعاقب پاکستان کی پوری ٹیم 210 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان اظہر علی اور احمد شہزاد نے کیا لیکن ایک بار پھر پاکستانی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور گرین شرٹس کو پہلا نقصان اظہر علی کی صورت میں ہوا جب وہ گرانٹ ایلیٹ کی گینڈ پر چھکا لگانے کی کوشش میں 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، 37 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد بھی 13 رنز بنا کر ایلیٹ ہی کا شکار بنے۔ محمد حفیظ نے 56 گیندوں پر 42 رنز اسکور کئے اور کین ولیمسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔


صہیب مقصود 10 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم بھی 62 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عماد وسیم ایک رن بنا کر سینٹنر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سرفراز احمد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اظہر علی بھی 16 رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 4، گرانٹ ایلیٹ نے 3 جب کہ سینٹنر، اینڈرسن اور کین ولیمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نکولس نے 82، مچل سینٹنر اور میٹ ہنری نے 48، 48 جب کہ میک کلنگھن نے 31 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور انور علی نے 3، 3 جب کہ محمد عرفان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story