مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا سربراہ پاک فوج
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج عظیم ادارہ ہے اور مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا جب کہ مختلف سیاسی رہنماؤں نے آرمی چیف کے اس فیصلے کو سراہا ہے۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے بیان میں کہا کہ سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں جب کہ اس حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی عظیم ادارہ ہے اورمدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہوجاؤں گا تاہم مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پوری طاقت کے ساتھ جاری رہیں گے، پاکستان کا وسیع ترملکی مفاد مقدم ہے اورہرقیمت پرملک کو محفوظ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب مختلف سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آصف زرداری نے کہا ہے کہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا بیان قابل تعریف ہے اور وہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، ان کے فیصلے سےآرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی افواہیں دم توڑجائیں گی۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان سے قوم کے دلوں میں ان کی عزت بڑھ گئی جب کہ جنرل راحیل شریف کے اس اعلان سے فوج کا ادارہ مضبوط ہو گا اور قومیں مضبوط اداروں پر قائم ہوتی ہیں۔
سینٹر سراج الحق نے آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بیان قابل تحسین ہے جب کہ تمام فیصلے میرٹ کی بنیاد پر ہونے چاہیے۔ تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے آرمی چیف کے بیان پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت ميں ديانتداری سے كام مكمل كرنے پر قوم جنرل راحيل شريف كو ياد ركھے گی۔
ادھر آل پاكستان مسلم ليگ كے سربراہ اور سابق صدر جنرل(ر)پرويز مشرف نے كہا ہے كہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے فیصلے پر افسوس ہوا تاہم یہ ان کا ذاتی حق ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا كہ چيف آف آرمی اسٹاف جنرل راحيل شريف نے قومی اور بين الاقوامی سطح پر قوم كا مورال بلند كيا ہے وہ ايک محب وطن اور قابل جرنيل ہيں اس لیے انہوں نے ملكی حالات كو خوش كن جہتوں سے روشناس كروايا۔
واضح رہے کہ جنرل راحیل شریف رواں برس کے آخر میں ریٹائرہور ہے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ سے ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی خبریں گردش کررہی تھیں تاہم آرمی چیف نے ایک بیان میں ان تما خبروں کی تردید کردی ہے