محکمہ داخلہ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی

رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں مزید 60 دن کی توسیع دی جائے، سمری کا متن

رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں مزید 60 دن کی توسیع دی جائے، سمری کا متن ، فوٹو؛ فائل

محکمہ داخلہ نے رینجرز کے اختیارات میں اضافے کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے جس میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں مزید 60 دن کی توسیع دینے کا کہا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز کے اختیارات کے معاملے سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو سمری ارسال کی ہے جس میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں اضافے کا کہا گیا ہے۔ سمری کے متن میں کہا گیا کہ رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں مزید 60 دن کی توسیع دی جائے جب کہ سمری میں یہ بھی کہا گیا کہ 4 معاملات میں ملوث ملزمان کو 90 روزتک حراست میں رکھنے کے اختیارات بھی دیے جائیں۔


واضح رہے کہ اس سے قبل رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ سندھ اوروفاقی حکومت کے درمیان کشیدگی کا باعث بن گیا تھا کیوں کہ سائیں سرکار نے سندھ اسمبلی کے ذریعے رینجرز کو حاصل اختیارات محدود کرنے کی کوشش کی تھی جسے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے مسترد کرتے ہوئے رینجرز کو حاصل مکمل اختیارات کا نوٹی فکیشن جاری کیا جس کی مدت 3 فروری کوختم ہو رہی ہے۔

Load Next Story